امارات کے صدر سے امریکی وزیر خارجہ کا رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
تعاون کو مستحکم کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔(فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ بن زاید آل نہیان سے بدھ کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
وام کے مطابق امارتی صدر نے رابطے کے دوران کہا کہ ’اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع کا دو ریاستی حل مشرق وسطی میں امن کی کنجی ہے۔‘
انہوں نے خطے میں منصفانہ اور پائیدار امن کی ضرورت پر زور دیا جس سے ہر ایک کے لیے سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر دونوں ملکوں کے سٹریٹجک تعلقات کے حوالے سے مختلف شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں امارات کے صدر نے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ 2025 میں شریک عالمی رہنماؤں اور وفود کے سربراہان سے ملاقات کی ہے۔
ان میں کویت کے وزیراعظم، کولمبیا اور پولینڈ کے صدور اور عراقی کردستان ریجن کے وزیر اعظم مسعود بارزانی شامل ہیں۔
ان ملاقاتوں میں اقتصادی، تجارتی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔