سعودی خاندانوں کو گھر کی ملکیت میں مدد کے لیے الراجحی بینک سے معاہدہ
سعودی خاندانوں کو گھر کی ملکیت میں مدد کے لیے الراجحی بینک سے معاہدہ
ہفتہ 2 ستمبر 2023 0:01
مملکت کے ہاؤسنگ پروگرام کے ذریعے فنانسنگ پیکجز فراہم کیے جائیں گے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ریئل سٹیٹ ڈویلمپنٹ فنڈ نے سعودی خاندانوں کو گھر کی ملکیت کے حصول میں مدد دینے کے لیے الراجحی بینک کے ساتھ ایک سٹریٹجک فنانسنگ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس انیشیٹو کا مقصد مملکت کے ہاؤسنگ پروگرام کے ذریعے فنانسنگ پیکجز فراہم کرکے سعودی شہریوں کے گھروں کی ملکیت کو بڑھانا ہے۔
اس اقدام میں پہلی بار گھر خریدنے والوں کے لیے جائیداد کے لین دین کے ٹیکس کو جذب کرنے میں ریاستی تعاون کو بھی شامل کیا گیا ہے جس کی گھریلو قیمت ایک ملین ریال ہے۔
اس معاہدے کی ایک اہم خصوصیت سکنی پروگرام کے شرکا کو ایک لاکھ 50 ہزار ریال تک کی فوری، ناقابل واپسی مالی امداد حاصل کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
اس پروگرام کے مزید فوائد میں زیر تعمیر ہاؤسنگ یونٹس کے لیے تعاون اور اضافی مالیاتی سلوشنز کا ایک سیٹ جیسے مویسر کی ادائیگی اور سعودی مارگیج کی ضمانتیں شامل ہیں۔
یہ معاہدہ سعودی وژن 2030 کے ہاؤسنگ پروگرام کے مقاصد کو بڑھانے کے لیے مملکت کے عزم کو واضح کرتا ہے۔
ریئل سٹیٹ ڈویلمپنٹ فنڈ کے سی ای او منصور بن ماضی اور الراجحی بینک کے سی ای او ولید المقبل نے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے پر سعودی وزیر بلدیات و دیہی امور اور ریئل سٹیٹ ڈویلمپنٹ فنڈ کے چیئر مین ماجد الحقیل کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔
ریئل سٹیٹ ڈویلمپنٹ فنڈ کے سی ای او منصور بن ماضی نے کہا کہ ’ یہ معاہدہ مالیاتی اداروں کے ساتھ ہماری سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط اور سکنی پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کو ہدف بناتے ہوئے ہاؤسنگ سپورٹ سلوشنز کی حد کو وسیع کرتا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ یہ پروگرام متنوع مالیاتی صلاحیتوں کے حامل بینیفشریز کی خدمت کے لیے تیار کیا گیا ہے‘۔
الراجحی بینک کے سی ای او ولید المقبل نے کہا کہ ’ الراجحی بینک اور ریئل سٹیٹ ڈویلمپنٹ فنڈ کے درمیان اتحاد سکنی پروگرام کے بینیفشریز کے لیے دستیاب مالیاتی اور رہائش کے اختیارات کو تقویت دیتا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ معاہدہ سعودی خاندانوں کے لیے مناسب رہائش کے لیے نئی راہیں کھولتا ہے‘۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت ہاؤسنگ اور ریئل سٹیٹ ڈویلمپنٹ فنڈ نے مکانات کی تعمیر، پلاٹ مختص کرنے اور مالی اعانت کے لیے 2017 میں سکنی پروگرام کا آغاز کیا تھا۔
سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام نے ریاض میں منعقدہ 2021 کی پہلی سہ ماہی میں سکنی فورم کے دوران متعدد ایجنسیوں کے ساتھ چار معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
ان معاہدوں کا مقصد بے گھر خاندانوں کو اپنے گھر مہیا کرنا ہے اور سعودی خاندانوں کو اپنے مکان کا مالک بنانے کے لیے آسانی فراہم کرنا ہے۔ سعودی وزارت ہاؤسنگ کے سکنی پروگرام سے اب تک 1.1 ملین خاندانوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کا 2030 تک گھروں کی ملکیت کو 70 فیصد بڑھانے کا ہدف ہے۔