سکنی سکیم کے تحت ایک لاکھ 13 ہزار 13 سعودی خاندانوں کو مکانات کی فراہمی
2030 تک 70 فیصد سعودی خاندانوں کو گھر فراہم کرنے کا پروگرام ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کی رہائشی سکیم کے تحت سال رواں کے شروع سے ستمبر کے آخر تک ایک لاکھ 13 ہزار 13 سعودی خاندانوں کو مکانات یا رہائش کے حوالے سے درکار سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی حکومت ’سکنی‘ (میری رہائش) کے عنوان سے مقامی شہریوں کو گھر کا مالک بنانے کا بڑا پروگرام شروع کیے ہوئے ہے۔
اب تک ایک لاکھ 30 ہزار 462 ایسے سعودی خاندان ریکارڈ پر آچکے ہیں جو پہلی مرتبہ گھر کے مالک بنے ہیں۔
سعودی حکومت 2030 تک کم از کم 70 فیصد سعودی خاندانوں کو گھر کا مالک بنانے کا پروگرام شروع کیے ہوئے ہے۔
سکنی کا کہنا ہے کہ ستمبر کے آخر تک 12183 سعودی خاندانوں کو رہائشی سکیم کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ 12978 خاندانوں کو ستمبر میں مکان کا مالک بنایا گیا۔
سکنی پروگرام مقامی شہریوں کو رہائش کے حوالے سے 9 آپشن دے رہا ہے۔ ان میں پیشگی زراعانت، کرایہ، فرنیچر، اپنا گھر خود بنانے اور پرانے مکان کی اصلاح کے پیکیج قابل ذکر ہیں۔