Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان ریجن کا ’جبل اسود‘ جہاں سال بھر موسم ٹھنڈا رہتا ہے

جبل اسود 1800 مربع میٹر کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے جازان ریجن کی الریث کمشنری میں ’جبل اسود‘ سیاحوں اور سیر و تفریح کے لیے آنے والوں کا مرکز بن رہا ہے۔
اخبار  24 کے مطابق جبل اسود گھنے جنگلات میں گھرا ہوا ہے۔ فلک بوس چوٹیاں دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس کا تعلق دنیا بھر میں ریگستانی علاقوں کے لیے مشہور ملک سعودی عرب سے نہیں بلکہ یورپ کے کسی ملک یا کسی مشہور سیاحتی جزیرے  سے ہوگا۔  
جبل اسود کی چوٹیاں آسمان سے باتیں کرتی نظر آتی ہیں۔ یہاں سال کے بیشتر ایام میں موسم ٹھنڈا رہتا ہے۔
جبل اسود کے گھنے جنگلات، العرعر کے درخت اور پہاڑ پر اترتے چڑھتے وقت کاشتکاروں کی خوش رنگ کیاریاں دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔ 


جبل اسود جازان ریجن کے خوبصورت پرفضا مقامات میں سے ایک ہے (فوٹو: ایس پی اے)

یہاں انواع و اقسام کے غلہ جات، سبزیاں، پھل، خوشبو بکھیرنے والے پودے ہر سو نظر آتے ہیں۔ موسلادھار بارش سال کے بارہ مہینے ہوتی رہتی ہے۔ 
الریث کمشنری کا الجبیل الاسود جازان ریجن کے خوبصورت پرفضا مقامات میں سے ایک ہے۔
یہ پرکشش قدرتی مناظر کے لیے بھی سیاحوں میں معروف ہے۔ یہ تین ہزار فٹ اونچا ہے۔ 
جبل اسود 1800 مربع میٹر کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے۔ جیزان شہر سے 124 کلو میٹر کے فاصلےپر واقع ہے۔ اسے  جبل اسود اس وجہ سے کہا جاتا ہے کیونکہ یہ گھنے پودوں سے گھرا ہونے کے باعث دور سے سیاہ رنگ کا نظر آتا ہے۔ 
جبل اسود کی شکل قوس نما ہے۔ شمال سے مشرق کی جانب جھکا ہوا ہے۔ اس کے شمال  اور شمال مغرب میں  جبل القہر اور وادی لجب واقع ہیں جبکہ جنوب میں ھروب کمشنری کے منجد پہاڑ ہیں۔ 

شیئر: