کن معاملات پر سکول انتظامیہ طالب علم کے 15 نمبر کاٹ سکتی ہے؟
خلاف ورزی کرنے والے طالب علم کے خلاف ادارہ جاتی کارروائی ہوگی ( فوٹو: عکاظ)
سعودی وزارت تعلیم نے اساتذہ اور انتظامیہ کے ساتھ طلبہ کے مسائل کے حوالے سے نئی حکمت عملی جاری کی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ ’اساتذہ اور انتظامیہ کے ساتھ خراب رویے پر طالب علم کے پندرہ نمبر کاٹ لیے جائیں گے۔ ضرورت پڑنے پر سکیورٹی فورس کے حوالے بھی کیا جاسکتا ہے۔‘
وزارت تعلیم کا کہنا ہے ’ان معاملات میں سکول کے اساتذہ یا انتظامیہ کو دھمکانا، ان کے اثاثوں کو نقصان پہنچانا یا چوری کرنا، تہذیب کے منافی اشارے اور حرکات کرنا، زدکوب کرنا، اشتعال دلانا، توہین کرنا، انٹرنیٹ پر اس طرح کی کوئی تحریر یا کلپ شیئر کرنا شامل ہے۔‘
’ایسا کرنے پر طالب علم کے پندرہ نمبر کاٹ لیے جائیں گے اور سکول میں اصلاح حال کا موقع دیا جائے گا۔ کسی دوسرے سکول منتقلی کی صورت میں منہا کیے گئے نمبروں کی بازیابی کا موقع بھی ملے گا۔‘
وزارت تعلیم کا کہنا ہے ’سکول انتظامیہ خلاف ورزی کرنے والے طالب علم کے خلاف ادارہ جاتی کارروائی کرے گی۔‘
وزارت تعلیم کا کہنا ہے ’پرنسپل کے خط کی بنیاد پر خلاف ورزی کرنے والے طالب علم کا کیس سکیورٹی فورس کو بھیجا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے پہلے تمام کارروائی مکمل کرنا ہوگی۔‘
سکول انتظامیہ اس کی اطلاع طالب علم کے سرپرست کو دے گا اور اسے سوشل میڈیا سے نامناسب تحریر یا کلپ ڈیلیٹ کرنے کا پابند بھی بنایا جائے گا۔
طالب علم کے ٹرانسفر کی صورت میں اس کے سرپرست سے متعلقہ سکول کے بارے میں رائے لی جائے گی۔