عفیف میں زیر تعمیر مکان کے واٹر ٹینک میں معذور بچہ ڈوب کر ہلاک
نو سالہ بچے کی لاش ٹینک کی تہہ سے نکال لی گئی (فوٹو: سبق)
سعودی عرب شہر عفیف کے زیر تعمیر مکان کے واٹر ٹینک میں ایک معذور بچہ ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے رپورٹ ملنے پر شہری دفاع کی ٹیموں نے ٹینک میں ڈوب جانے والے بچے کے حوالے سے ضروری کارروائی کی۔
نو سالہ بچے کی لاش ٹینک کی تہہ سے نکال لی گئی۔ یہ واقعہ گھر والوں کی لاعلمی میں پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ گھر والوں نے بچے کے لاپتہ ہوجانے پر اس کی تلاش شروع کی تھی۔ پڑوسیوں سے مدد طلب کی گئی۔
ایسے تمام مقامات تک رسائی حاصل کی گئی جہاں بچہ جاسکتا تھا۔ کئی گھنٹے بعد پتہ چلا کہ بچہ زیر تعمیر مکان کے ٹینک میں ڈوب کر ہلاک ہوچکا ہے۔
مرنے والے بچے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ذہنی طور پر معذور تھا۔