مصر میں چار منزلہ عمارت منہدم، چار افراد ہلاک، پانچ زخمی
مصری حکام عمارت کے گرنے کی تحقیقات کر رہے ہیں ( فوٹوو عرب نیوز)
مصری دارالحکومت قاہرہ کے مشرقی علاقے حدائق القبہ میں چار منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے ایک خاندان کے چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔
عکاظ اخبار کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی ہسپتالوں میں داخل کردیا گیا۔ عمارت کے گرنے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد قاہرہ سیکیورٹی فورس اور کمشنری کے حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ عمارت کے ملبے سے لاپتہ افراد کی تلاش اور امدادی کارروائی میں بھاری مشینوں کی مدد لی گئی۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ’ حادثہ صبح سویرے اس وقت پیش آیا جب لوگ سو رہے تھے۔ امدادی کارکنوں نے ملبے سے تین افراد کو نکا لا اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا‘۔
پبلک پراسیکیوشن آفس نے بتایا کہ’ متاثرہ مقام کا معائنہ کرنے، عمارت گرنے کے اسباب اور تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کےلیے انجیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا گیا ہے‘۔
قاہرہ کے کمشنر میجر جنرل خالد عبداالعال ن تباہ شدہ عمارت کا ملبہ جلد ہٹانے اورمتاثرین کو فوری اعانت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے تباہ شدہ عمارت سے متصل عمارتوں کے معائنے کے لیےخصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی حکم دیا۔
سماجی یکجہتی کی وزارت مرنے والوں کے خاندانوں کو فی کس 60 ہزار مصری پونڈ فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اسی علاقے میں پانچ منزلہ عمارت کے گرنے سے 9 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا۔