مصری شہر سکندریہ میں 13 منزلہ عمارت منہدم، ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش
مصری حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ( فوٹو: اے ایف پی)
شمالی مصر میں سول پروٹیکشن فورسز پیر کو منہدم ہونے والی تیرہ منزلہ عمارت کے ملبے میں پھنسے افراد کو تلاش کررہی ہیں۔
مصری پبلک پراسیکوشن آفس نے اسکندریہ کے سیدی بشر کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کم از کم چار افراد کو زخمی حالت میں قریبی ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔
اسکندریہ کے گورنر میجر جنرل محمد الشریف نے کہا کہ’ خلیل حمادہ سٹریٹ پر واقع عمارت عمودی طور پر پھٹ گئی تھی‘۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ’عمارت منہدم ہونے سے نیچے گھڑی متعدد کاریں تبادہ ہوگئیں‘۔
انہدام کے وقت عمارت کے اندر اور اس کے نیچے ایک سپر مارکیٹ میں لوگ موجود تھے۔ بہت سے رہائشیوں نے عمارت کو منہدم ہوتے دیکھا۔
ملبے تلے دبے افراد کی تعداد کا ابھی تک علم نہیں ہوسکا لیکن حکام نے جائے حادثہ پر سیکیورٹی حصار قائم کررکھا ہے۔
قریبی عمارتوں میں گیس، بجلی اور دیگر یوٹلٹی سروسز بند کردی گئی ہیں۔
گورنر کا کہنا ہے کہ عمرات کو گرمیوں کے موسم میں کرائے کے اپارٹمنٹ کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔
مصر کے وزیر صحت اور آبادی خالد عبدالغفار نے اسکندریہ گورنریٹ کے ہسپتالوں میں تیاری کی حالت میں اضافے کا حکم دیا ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طور پر وصول کیا جا سکے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’اس نے جائے حادثہ پر بارہ ایمبولینسیں روانہ کی ہیں‘۔
یاد رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں مشرقی اسکندریہ میں ایک پرانی عمارت کی دو بالکونیاں گرنے سے تین راہگیر زخمی ہوگئے تھے۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں جون 2022 مایں ایک پانچ منزلہ عمارت گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔