جی سی سی وزرائے خارجہ کا 157 واں اختتامی اجلاس، اعلامیہ جاری
جمعرات 7 ستمبر 2023 21:35
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ کا 157 واں اجلاس جمعرات کو عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی کی صدارت میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جی سی سی وزرائے خارجہ نے ا جلاس کے اختتام پر 59 دفعات پر مشتمل مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔
اعلامیے میں جی سی سی، دہشت گردی و انتہاپسندی کے انسداد، اماراتی جزائر پر ایران کے ناجائز قبضے، الدرۃ آئل فیلڈ، مسئلہ فلسطین و بیت المقدس، ایران، یمن، عراق، شام، لبنان، لیبیا، سوڈان، افغانستان، روس، یوکرین بحران، نائیجر اور گبون کے دھماکہ خیز حالات، جاپان کے ساتھ مذاکرات و سٹراٹیجک شراکت جیسے موضوعات پر قراردادیں جاری کی گئیں۔
اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کی۔
خلیجی وزرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بین الاقوامی چیلنجوں سے مل کر نمٹا جائے گا۔
اعلامیے میں سعودی عرب کی جانب سے انٹرنیشنل واٹر آرگنائزیشن کے قیام کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا۔
خلیجی وزرا نے خلا میں متحدہ عرب امارات کی کامیابی پر اسے سراہا۔
وزرا نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے حوالے سے روایتی موقف کا بھرپور طریقے سے اعادہ کیا۔ وزرا نے نفرت، نسلی تفریق، نسلی امتیاز، غیرملکیوں سے عداوت، تعصب، انتہا پسندی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2686 کا خیر مقدم کیا۔
خلیجی وزرا نے قرآن پاک کی بے حرمتی اور ہر طرح کی مذہبی منافرت کی مذمت پر مشتمل اقوام متحدہ کے ماتحت انسانی حقوق کونسل کی قرارداد پر اظہار مسرت کیا۔
خلیجی وزرا نے روایتی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران متحدہ عرب امارات کے جزائر طنب کبری، طنب صغری اور ابو موسی میں جو تبدیلیاں کررہا ہے وہ غیر قانونی اور بے معنی ہیں۔ ان سے تینوں جزائر پر متحدہ عرب امارات کی خودمختاری متاثر نہیں ہوگی۔
خلیجی وزرا نے کہاکہ الدرۃ فیلڈ سعودی عرب اور کویت کی مشترکہ ملکیت ہے ان کے سوا کسی بھی فریق کا اس پر کوئی حق نہیں۔