ریاض کے محلے میں گشت کرنے والے بندر کو پکڑ لیا گیا
قومی مرکز کی ٹیمیں بندر کو کئی دن سے تلاش کررہی تھیں (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے جنگلی حیات کی ٹیمیں ریاض کی شہری آبادی میں گھس جانے والے جنگلی بندر’بابون‘ کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئیں۔
ریاض کے محلے میں گشت کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر قومی مرکز کی ٹیمیں بندر کو کئی دن سے تلاش کررہی تھیں۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ’ مرکز کی جانب سے اس قسم کے واقعات کا مستقل بنیادوں پرسد باب کرنے کا ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ اس قسم کے واقعات شہری علاقے میں پیش نہ آئیں‘۔
قومی مرکز نے مزید کہا کہ’ بغیر لائسنس کے جنگلی جانوروں کی خرید وفروخت اورانہیں اپنے پاس رکھنا قانونا جرم ہے, ایسے کرنے والے افراد قانون شکنی کے دائرے میں آتے ہیں‘۔
یاد رہے گزشتہ دنوں سعودی دارالحکومت ریاض کے السلی محلے میں بندر کے گشت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل تھی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ بندر ایک بلی کا تعاقب کررہا ہے۔ بلی جب اپنی جان بچانے کےلیے درخت پر چڑھی تو بندر نے اسے وہاں سے بھی اتارا۔ بلی نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن بندر نے دوڑ کر دوبارہ پکڑ لیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ’اس قسم کے بندر خطرناک ہوتے ہیں۔ یہ پالتو بندر نہیں ہیں۔ آبادی میں کیا کررہا ہے‘۔