Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی قیادت کا مراکشی زلزلہ متاثرین کی مدد کےلیے فضائی پل قائم کرنے کا حکم

شدید زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد  دو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات کو  زلزلے سے متاثرہ برادر مراکشی عوام کی مدد کےلیے فضائی پل قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ’ فراہم کی جانے والی امداد سعودی قیادت کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کی مدد کرنے کے جذبے کے تحت ہے‘۔
’سعودی شہری دفاع  اور ہلال احمر کے ٹیموں کو شاہ سلمان مرکز کے تحت سرچ اینڈ ریسکیو اور انسانی ہمدردی کے کاموں میں حصہ لینے کےلیے بھیجا جائے گا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ یہ اقدام  قدرتی آفات اور بحرانوں میں دنیا بھر کے متاثرہ اور ضرورت مند افراد کے ساتھ کھڑے رہنے کے حوالے سے مملکت کے انسانی ہمدردی کے کردار کی توسیع ہے‘۔
اسلامی تعاون تنطیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے بھی او آئی سی کے رکن ممالک، انسانی حقوق کی تنطیموں اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ’وہ زلزلے سے متاثرہ مراکش میں حکام کی امدادی کاموں میں مدد کریں‘۔
سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں یا لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ مراکش میں جمعے کی شب آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد  دو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

شیئر: