بابر اعظم 43 رنز کے مجموعی سکور پر 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہیں ہاردک پانڈیا نے بولڈ کیا۔
محمد رضوان شاردل ٹھاکر کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کو چوتھا نقصان فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ کلدیپ یادو کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 96 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب آغا سلمان کلدیپ یادو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو چھٹا نقصان شاداب خان کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ چھ رنز کے انفرادی سکور پر کلدیپ یادو کا شکار بنے۔
افتخار احمد بھی 23 رنز بناکر کلدیب یادو کا شکار بنے۔ کلدیب نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ پکڑا۔ کلدیپ نے فہیم اشرف کو بولڈ آؤٹ کیا جس کے ساتھ ہی پاکستان کی اننگز کا احتتام ہوا۔
قبل ازیں جب پاکستان کا سکور دو وکٹیں کے نقصان پر 43 رنز تھا تو بارش کے باعث میچ روکنا پڑا تھا۔
پہلے 10 اوورز میں جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے گیند کو خوب سوئنگ کیا جس کے باعث پاکستانی بیٹرز بالکل محتاط دکھائی دیے تاہم 11 ویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے انڈیا کو دوسری کامیابی دلوا دی۔
پیر کو کولمبو میں ہونے والے میچ میں انڈیا نے وراٹ کوہلی اور کے ایل راہُل کی شاندار سینچریوں کی بدولت 50 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنائے۔ یہ انڈیا کا ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ سکور ہے۔
سپر فور کے اہم میچ میں انڈین بیٹرز پوری طرح پاکستانی بولروں پر مکمل طور پر حاوی رہے۔
وراٹ کوہلی اور کے ایل راہُل نے اننگز کے دوبارہ آغاز سے ہی پاکستانی بولروں پر دھاوا بولا جس کے بعد گرین شرٹس کے تمام بولرز بے بس نظر آئے۔
دوسری جانب پاکستان کو بڑا جھٹکا اُس وقت لگا جب حارث رؤف کو انجری کے باعث اس میچ میں مزید بولنگ کرنے سے ٹیم کے میڈیکل پینل نے روک دیا جس کے بعد کپتان بابر اعظم اور پاکستان ٹیم کو ایک فاسٹ بولر کی کمی شدت سے محسوس ہوئی.
وراٹ کوہلی اور کے ایل راہُل نے پاکستانی بولرز کو اپنی 233 رنز کی شراکت میں مجموعی طور پر 21 چوکے اور پانچ چھکے لگائے۔
طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے کے ایل راہُل نے 100 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی، وہ 106 گیندوں پر 12 چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ 111 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
وراٹ کوہلی نے 84 گیندوں پر اپنی 47 ویں ون ڈے انٹرنیشنل سینچری مکمل کی، وہ 94 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 122 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
انڈین بیٹرز نے گرین شرٹس کے بولرز کی خوب دھلائی کی۔ شاہین کو 10 اوورز میں 79 رنز پڑے جبکہ انہوں نے ایک وکٹ لی۔ فہیم اشرف نے بھی 10 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لیے 74 رنز دیے جبکہ شاداب خان نے 10 اوورز میں ایک وکٹ کے بدلے 71 رنز دیے۔
پیر کو بھی یہ میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا ہے تاہم میچ کے اوورز کو کم نہیں کیا گیا۔
یہ میچ اتوار کو شروع ہوا تھا جو بارش کے باعث روک دیا گیا تھا۔ جب بارش کے باعث میچ رکا تو انڈیا کے 24.1 اوورز میں 147 رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ تھے۔
انڈیا کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں روہت شرما اور شبھمن گِل شامل ہیں جو کہ بالترتیب 56 اور 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔