Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی ون ڈے میں تیز ترین 13 ہزار رنز بنانے والے بیٹر بن گئے

یہ وراٹ کوہلی کی ون ڈے فارمیٹ میں 47 ویں اور انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر 77 ویں سینچری تھی۔ (فوٹو: کرک انفو)
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں انڈیا نے پاکستان کے خلاف 356 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ہے۔
پیر کو کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں وراٹ کوہلی اور کے ایل راہُل نے شاندار سینچریاں سکور کیں۔
وراٹ کوہلی نے تین چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 94 گیندوں پر 122 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
یہ وراٹ کوہلی کی ون ڈے فارمیٹ میں 47 ویں اور انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر 77 ویں سینچری تھی جبکہ انہوں نے اِس کے ساتھ ہی اِس فارمیٹ میں 13 ہزار رن بھی مکمل کر لیے ہیں۔
وہ ون ڈے فارمیٹ میں 13 ہزار رن بنانے والے دنیا کے تیز ترین بیٹر بھی بن گئے ہیں۔
وراٹ کوہلی نے 267 اننگز میں 13 ہزار رنز مکمل کیے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
صرف یہ ہی نہیں، وراٹ کوہلی ایشیا کپ کی تاریخ میں انڈیا کی جانب سے سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ 
انہوں نے ایشیا کپ میں کُل پانچ سینچریاں بنائی ہیں۔
پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں کوہلی کی تاریخی اننگز پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بھی تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ٹوئٹر ہینڈل فرضی کرکٹر اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’بارش کے بعد یہ وراٹ کوہلی اور کے ایل راہُل وہ بندے تھے جنہوں نے پاکستانی فیلڈرز کو آسمان دیکھنے سے نہ روکا۔‘
جونز نے تبصرہ کیا کہ ’وراٹ کوہلی کی چھلانگ لگانے والا مشہور جشن۔ ایک عظیم کھلاڑی۔‘
 
بھاونا نے وراٹ کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے دل میں وراٹ کوہلی کے لیے عزت روز بڑھتی ہے۔ ایسا آدمی ہے یہ۔ بلاشبہ ایک لیجںڈ اور عظیم کھلاڑی۔‘
 
کُروتھاتھ نے ٹویٹ کی کہ ’بادشاہ کے آگے سر جھکائیں۔‘
 
ایمن نے مزاحیہ انداز میں ٹویٹ کی کہ ’دنیا کے تین بہترین بولرز کی لائن اپ کہہ کہہ کر نظر لگا دی۔‘
 

شیئر: