Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو برس اچھے گزرے، میری حالت ڈوبتے سورج جیسی ہے: چیف جسٹس عمر عطا بندیال

چیف جسٹس عمر عطا بندیال سنیچر کو اپنی مدت مکمل کرنے پر ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان کی سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ ہونے والے چیف جسٹس بندیال نے کہا ہے کہ اُن کی حالت ڈوبتے سورج جیسی ہے۔
سنیچر کو سپریم کورٹ کے افسران اور سٹاف سے الوداعی ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال دوران خطاب آبدیدہ ہو گئے۔
تقریب میں موجود سٹاف کے  بعض افراد نے بتایا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے دوران خطاب خود کو ڈوبتے سورج سے تشبیہہ دی۔
انہوں نے افسران اور ملازمین سے کہا کہ ’آپ کے ساتھ بطور سپریم کورٹ جج 9 برس بڑے اچھے گزرے۔‘
چیف جسٹس بندیال نے کہا کہ ’میری حالت اب ڈوبتے سورج جیسی ہے، آپ لوگوں کا ابھی وقت پڑا ہے۔‘
چیف جسٹس نے کہا کہ ’آپ سب اپنی بھر پور لگن سے کام کریں۔‘
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی و دیگر چیلیجز کا سامنا ہے، جب سب اکھٹے ہوں گےتو یہ بحران نہیں رہے گا۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال سنیچر کو اپنی مدت مکمل کرنے پر ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی اتوار کو نئے چیف جسٹس کے طور پر حلف اُٹھائیں گے۔
پاکستان میں سپریم کورٹ کے جج کے ریٹائر ہونے کی عمر 65 برس ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنی ریٹائرمنٹ سے ایک دن قبل جمعے کو نیب قانون میں ترامیم کے مقدمے کا فیصلہ سنایا تھا۔
اس فیصلے میں انہوں نے پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے کی گئی نیب قانون میں ترامیم کو کالعدم قرار دیا تھا جس کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف قومی احتساب بیورو میں بند کیے گئے مقدمات دوبارہ کھل گئے ہیں۔

شیئر: