Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نرس جس نے ٹریفک حادثے میں زخمی چار خواتین کو بچایا

رضاکارانہ عمل کو سوشل میڈیا پر غیرمعمولی سراہا جا رہا ہے (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کے تبوک ریجن میں ٹریفک حادثے میں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے والی سعودی نرس ’حنان الرویلی‘ کے رضاکارانہ عمل کو سوشل میڈیا پر غیرمعمولی پذیرائی مل رہی ہے۔ 
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی نرس الرویلی نے بتایا کہ تبوک کے ہسپتال میں ڈیوٹی کے بعد اپنے شوہر کے ہمراہ گھر واپس آ رہی تھی کہ ایک شاہراہ  پرہونے والے ٹریفک حادثے کے زخمیوں کو دیکھ کر فوری طورپرشوہر کو گاڑی روکنے کا کہا تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے‘۔ 
حنان الرویلی نے مزید بتایاکہ ’حادثے میں چار خواتین زخمی تھیں۔ ایک خاتون کا ہاتھ ٹوٹ گیا تھا جبکہ دوسری کی کمر متاثر ہوئی۔ ایک معمرخاتون کی حالت کافی نازک تھی انہیں ناک اور گال پر زخم آئے تھے جبکہ چوتھی زخمی خاتون کی کمر اورہاتھ پرزخم تھے‘۔
سعودی نرسں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اس انہیں ہدایت کی کہ ’وہ اپنی جگہ سے اس وقت تک حرکت نہ کریں جب تک ہلال الاحمر کے امدادی یونٹس نہ پہنچ جائیں‘۔ 
ہلال الاحمر کے یونٹس جائے حادثہ پر پہنچے جنہوں نے فوری طور پر زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔  
سوشل میڈیا پر واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے سعودی نرس کے اس عمل کو انسانیت کی مثال قرار دیا۔ 
سعودی نرس کا کہنا ہے ’ جو کچھ کیا وہ  پیشہ ورانہ ذمہ داری تھی جو میرے لیے ایک اعزاز ہے۔ انسانیت کے ناطے اپنے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے زخمیوں کی ہرممکن مدد کی‘۔ 

شیئر: