سعودی مارکیٹ میں چاکلیٹ کی کھپت میں اضافہ
’اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں ہر شخص سالانہ 1.5 کلو چاکلیٹ خریدتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی مارکیٹ میں گزشتہ سال 2022 میں 990.1 ملین ڈالر کی چاکلیٹ درآمد کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق رواں سال 2023 میں ایک ارب ڈالر کی چاکلیٹ درآمد کی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب مارکیٹ میں چاکلیٹ کی کھپت میں ہر سال 4.86 فیصد کا اضافہ ہوتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں ہر شخص سالانہ 1.5 کلو چاکلیٹ خریدتا ہے۔
یہ سالانہ شرح عالمی شرح سے کافی حد تک کم ہے جہاں بعض ممالک میں ہر فرد سالانہ 7 کلو چاکلیٹ خریدتا ہے۔
اس کے باوجود مشرق وسطی کے مقابلے سعودی مارکیٹ میں چاکلیٹ کی کھپت 30 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد وشمار جمع کرنے والے عالمی اداروں کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب میں چاکلیٹ کی طلب میں کافی حد تک اضافہ ہوا ہے‘۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’انٹر نیٹ کے ذریعہ شاپنگ کی سہولت کے باعث 50 فیصد افراد آن لائن چاکلیٹ خریدنے لگے ہیں‘۔