Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گیراج سے‘ لانچ ہونے والا گوگل 25 سال کا ہو گیا

آج گوگل کے چھ براعظموں اور 200 شہروں ہمارے دفاتر اور ڈیٹا سینٹر ہیں۔ (فوٹو: گوگل بلاگ)
انٹرنیٹ کی دنیا کا سب سے مشہور و معروف سرچ انجن ’گوگل‘ آج اپنی 25 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔
گوگل 27 ستمبر کو اپنی 25 ویں سالگرہ اپنے سپیشل ’گوگل ڈوڈل‘ کے ساتھ منا رہا ہے۔
گوگل کمپنی کی بنیاد چار ستمبر کو رکھی گئی تھی تاہم گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے گوگل اپنی سالگرہ 27 ستمبر کو منا رہا ہے۔
گوگل کی 25 ویں سالگرہ ے موقع پر سرچ انجن نے نیا ڈوڈل ’گ25گل‘ لانچ کیا۔
ٹیکنالوجی کی اس بڑی کمپنی نے 25 ویں سالگرہ کے موقع پر ماضی کے جھروکوں میں جانے اور مستقبل کے بارے میں سوچنے کا عہد کیا ہے۔
گوگل نے اپنی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’25 برس پہلے کیلیفورنیا کے مضافات میں واقع ایک گیراج سے گوگل سرچ کو لانچ کیا گیا تھا۔ آج چھ براعظموں اور 200 شہروں ہمارے دفاتر اور ڈیٹا سینٹر ہیں۔‘
 
اسی طرح گوگل کے سی ای او سُندر پیچائی نے اپنی ٹویٹ میں گوگل کے ماضی اور حال کے ڈیزائن کی جِف شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’گوگل کو 25 ویں سالگرہ مبارک ہو۔ اُن تمام لوگوں کا شکریہ جو ہماری پراڈکٹس کو استعمال کرتے ہیں اور ہمیں نئی ایجادات کرنے پر حوصلہ دیتے ہیں۔‘
 
گوگل کو 1990 کی دہائی کے اواخر میں ڈاکٹریٹ کے طلباء سیرجی بِرن اور لیری پیج نے بنایا تھا جو کہ سٹینفورڈ یونیورسٹی کے کمپویٹر سائنس کے شعبے میں پڑھتے تھے۔
لیری پیج اور سیرجی بِرن نے متفقہ طور پر اپنے اُس وژن پر کام کیا جس کے تحت وہ دنیا بھر کے عوام کے لیے ورلڈ وائڈ ویب تک رسائی آسانی سے بنا سکتے تھے۔
اگر گوگل نہ ہوتا تو انٹرنیٹ صارفین کو کسی بھی ویب سائٹ پر جانے کے لیے اُس ویب سائٹ کا ایڈریس لکھنا پڑتا تاہم گوگل کی سہولت سے کوئی بھی صارف گوگل پر کچھ بھی لکھ کر ایک نہیں بلکہ سینکڑوں ویب سائٹس تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
گوگل کے بلاگ کے مطابق اس سرچ انجن کو بنانے کے لیے لیری پیج اور سیرجی بِرن نے کرائے پر گیراج لیا تھا جو کے گوگل کا پہلا دفتر تھا۔

فوٹو: گوگل

27 ستمبر 1998 کو انٹرنیٹ کی دنیا میں گوگل نے قدم رکھا۔
کمپنی نے مزید لکھا کہ 1998 کے بعد بہت کچھ تبدیل ہوگیا ہے تاہم گوگل کا مشن ابھی بھی وہی ہے کہ ’دنیا کی معلومات کو اکٹھا کیا جائے اور اِسے دنیا بھر کے لیے عام کیا جائے تاکہ سب اس تک رسائی حاصل کر سکیں۔‘
گوگل نے اپنی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پیغام دیا کہ ’ہمیں اس بات کا شدت سے انتظار ہے کہ ہمیں مستقبل کہاں لے کر جاتا ہے۔‘

شیئر: