Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری ہوگئی، ’جلد ایکشن میں نظر آئیں گے‘

نسیم شاہ کو ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف میچ میں انجری ہوئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی کامیاب سرجری ہو گئی ہے۔
نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری لندن کے ایک ہسپتال میں ہوئی جس کی اطلاع اُن کے مینیجر مغیز شیخ نے بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر دی۔
مغیز احمد نے نسیم شاہ کی سرجری کے بعد تصویر اپلوڈ کی اور ٹویٹ میں لکھا ’نسیم شاہ کندھے کی سرجری کے بعد کافی حوصلے میں ہیں۔ براہ کرم انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ وہ ایکشن میں جلد نظر آئیں گے۔‘
 
واضح رہے کہ نسیم شاہ کو 6 ہفتوں تک آرام کرنا ہوگا جس کے بعد وہ دوبارہ کرکٹ فیلڈ پر واپس آ سکیں گے۔
نسیم شاہ کو گزشتہ ماہ کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں انڈٰیا کے خلاف میچ میں کندھے کی تکلیف محسوس ہوئی تھی جس کے بعد وہ اُس میچ سمیت ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ کے سکواڈ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔
سٹار بولر کی انجری کے بعد ورلڈ کپ کے سکواڈ میں پاکستان نے اُن کی جگہ حسن علی کو سلیکٹ کیا تھا۔
پاکستان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف حیدرآباد دکن میں ہونے والے میچ سے کرے گا۔
ورلڈ کپ سے قبل کھیلے گئے دونوں وارم اپ میچوں میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

شیئر: