Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر مذہبی امور کی سعودی سفیر نواف المالکی اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سے ملاقات

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ آنے والے حج کے دوران حجاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد الحارثی سے ملاقات کی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انیق احمد نے دوران ملاقات کہا کہ حج انتظامات کے سلسلے میں حکومتِ سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔
ملاقات کے دوران آئندہ حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ان کا حالیہ دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا۔
’رواں سال پاکستانی حجاج کو پہلے سے بہتر سہولتیں فراہم کریں گے، الحمد للہ کراچی کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کر لیا گیا ہے، اب کراچی سے روانہ ہونے والے عازمینِ حج کی سعودی امیگریشن اور کسٹم پاکستان میں ہی ممکن ہو سکے گا اور سعودی عرب پہنچنے پر عازمین کو مختصر وقت میں ان کی رہائش گاہوں کی جانب روانہ کیا جائے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مجوزہ سیرت میوزیم کا قیام ایک انقلابی قدم ہو گا۔ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبد الکریم العیسی 15 نومبر کو سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے، رابطہ عالم اسلامی انتہائی متحرک اور فعال کردار ادار کر رہی ہے۔
سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ آنے والے حج کے دوران حجاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔
’دنیا بھر سے صرف سات ممالک کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیاہے اور پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہے۔‘
ریجنل ڈائریکٹر رابطہ عالم اسلامی سعد الحارثی نے بتایا کہ سیرت میوزیم اسلام آباد میں 8 ہزار سکوائر میٹر رقبے پر تعمیر کیا جائے گا ، اگلے ماہ اس کے سنگ بنیاد اور بروقت تعمیر کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

شیئر: