کینسر کا مقابلہ کرنے والی باہمت سعودی نرس
جمعرات 5 اکتوبر 2023 21:42
اس کا وزن 35 کلو گرام گھٹ گیا تھا۔ (فوٹو العربیہ چینل)
سعودی نرس فزۃ السلیطی نے کینسر کا مقابلہ ہمت اور جرات سے کرکے مشکل حالات سے گزرنے والوں کو موثر درس دے دیا۔
العربیہ چینل کے مطابق فزۃ السلیطی نے کہا کہ ’کینسر کی تشخیص ہونے پر اس کے سامنے عزم و حوصلے کے ساتھ مہلک مرض کا مقابلہ کرنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں تھا ‘۔
سعودی نرس نے بتایا کہ ’ابتدا میں ایک ڈاکٹر سے رجوع کیا جس نے بتایا کہ میں کینسر میں مبتلا ہوچکی ہوں‘۔
فزۃ کامزید کہنا تھا کہ ’ڈاکٹر نے میرا کیس کنگ فہد میڈیکل سٹی ریاض منتقل کردیا ۔ کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر میرے لیے ہولناک تھی۔ میرے تو اعصاب جواب دے گئے تھے ۔ مجھ پرایسا وقت بھی آیا جب میں کسی کے ساتھ رابطہ تک نہیں کرتی تھی‘۔
نرس کا کہنا تھا کہ ’30 دن تک میں نے علاج کرایا اور مجھے کینسر سے نجات دلانے کے لیے 30 ڈوز دی گئیں‘۔
فزۃ السلیطی نے بتایا کہ ’گھر والوں اور رفقائے کار نے مجھے بڑا حوصلہ دیا۔ میری یہ سوچ کہ کینسر موت کی طرف لے جاتا ہے، تبدیل ہوگئی‘۔
سعودی نرس نے بتایا کہ ’ قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کا خیال جب سہیلیوں پر ظاہر کیا تو انہوں نے مجھے ایسا کرنے سے روک دیا۔ میں نے ان کی بات مانی اور خوشی خوشی ڈیوٹی دینے لگی‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں