Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین گیمز: پاکستان کو بنگلہ دیش سے شکست، کانسی کا تمغہ بھی نہ مل سکا

بنگلہ دیش کی جانب سے یاسر علی نے 16 گیندوں پر 34 جبکہ عفیف حسین نے 11 گیندوں پر 20 رنز بنائے (فوٹو: سکرین گریب)
چین میں جاری ایشین گیمز کے کرکٹ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
چین کے شہر ہینگزو میں ہونے والے اس میچ کے بارش سے متاثر ہونے کی وجہ سے پہلے اسے 13 اوور تک محدود کیا گیا تھا ۔ بارش نہ رکنے پر اسے پانچ اوورز تک کر دیا گیا تھا۔
اس کے بعد بنگلہ دیش کو پانچ اووز میں 65 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا۔
بنگلہ دیش نے چار وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف حاصل کر کے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
میچ اس وقت سنسنی خیز ہو گیا جب بنگلہ دیش کو آخری گیند پر چار رنز درکار تھے۔ بنگالی بیٹر رقیب الحسن نے چوکا لگا کر فتح اپنی ٹیم کے نام کر لی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے یاسر علی نے 16 گیندوں پر 34 جبکہ عفیف حسین نے 11 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔
پاکستانی بولرز ارشد اقبال نے تین اور سفیان مقیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگز

اس سے قبل بنگلہ دیش ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ پاکستان نے پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر  48 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے مرزا طاہر بیگ 18 گیندوں پر 32 جبکہ خوشدل شاہ 10 گیندوں پر 14 کے رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
جمعے افغانستان نے پاکستان کو سیمی فائنل میں چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 18 اوورز میں 115 رنز بنائے تھے۔
جواب میں افغانستان نے 17 اعشاریہ پانچ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا تھا۔
سنیچر کو افغانستان اور انڈیا کے درمیان فائنل میچ بارش کی وجہ سے مکمل ہو سکا، جس کے بعد انڈیا کو بہتر ’سیڈنگ‘ کی بنیاد پر فاتح قرار دے دیا گیا۔ یوں کرکٹ مقابلوں میں انڈیا کو طلائی اور افغانستان کو چاندی کا تمغہ مل گیا۔ 

شیئر: