بحیرہ احمر کے ریزروٹس تک ’سمندری ہوائی جہاز‘ سے آمدورفت کی سہولت
بحیرہ احمر کے ریزروٹس تک ’سمندری ہوائی جہاز‘ سے آمدورفت کی سہولت
جمعرات 12 اکتوبر 2023 16:43
سعودی عرب کی ریڈ سی گلوبل کمپنی نے گذشتہ روز بدھ کو پانی پر اترنے والے جہازوں کے ساتھ پہلی سی پلین کمپنی کا آغاز کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریڈ سی گلوبل نے بتایا ہے کہ فلائی ریڈ سی کمپنی سیاحوں کو مملکت میں بحیرہ احمر کے جزائر کے ریزورٹس تک پہنچانے کی سہولت فراہم کرے گی۔
ریڈ سی گلوبل نے اپنی ویب سائٹ www.redseaglobal.com پر واضح کیا ہے کہ فلائی ریڈ سی کمپنی کے پاس ابتدائی طور پر چار سیسنا کاروان 208 پانی پر اترنے والے جہازوں کا بیڑا ہے۔
ریڈ سی گلوبل کپمنی نے مزید بتایا ہے کہ ہر طیارے میں پائلٹ کے ہمراہ چھ مہمانوں کو سامان کے ساتھ بحیرہ احمر کے جزائر میں ریزورٹس تک منتقلی کے سہولت ہے۔
بحیرہ احمر کے جزائر کے فضائی نظاروں اور علاقے کی سیاحت کے لیے اس طیارے میں نو مہمانوں کی گنجائش بنائی جا سکتی ہے۔
ریڈ سی گلوبل کے گروپ سی ای او جان پگانو نے بتایا ہے کہ بحیرہ احمر کے سیاحتی مقامات تک رسائی کے لیے انہوں نے فلائی ریڈ سی کمپنی کی کامیابی کے لیے ایک پائلٹ کے طور پر بھرپور کوششیں کی ہیں۔
جان پگانوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ایوی ایشن انڈسٹری کے کاربن فٹ پرنٹ کو کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ایک ایسی کمپنی بنانا تھا جو سعودیوں کو ملازمت کے بہترین مواقع فراہم کرے۔
فلائی ریڈ سی کمپنی کے ہوم بیس کے طور پر تبوک کے علاقے ہانک میں ریڈ سی انٹرنیشنل ائیرپورٹ ہوگا یہاں پر سمندری جہاز کے لیے مرکزی ٹرمینل بھی موجود ہے۔
مملکت میں بحیرہ احمر کے جزائر کی ترقی اور میگا پروجیکٹس کے لیے ریڈ سی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا آغاز ہوا ہے جہاں ترقیاتی مراحل کے مطابق 2028 تک نو سی پلین اور 2030 تک 20 سے زیادہ سی پلین کو شامل کیا جائے گا۔
2030 میں سیاحت کی یہ نئی منزل مکمل ہونے کے بعد 50 ریزورٹس پر مشتمل ہوگی جو 22 جزائر اور چھ دیگر مختلف سیاحتی مقامات پر8000 ہوٹل رومز اور 1000 سے زیادہ رہائشی سہولیات فراہم کرے گی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں