السعودیہ ریڈ سی انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے آپریٹ کرنے والی پہلی ایئرلائن
جمعرات 14 ستمبر 2023 5:14
ریڈ سی گلوبل نے السعودیہ اور ڈبلن ایئر پورٹ اتھارٹی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
السعودیہ، جسے پہلے سعودی عربین ایئر لائنز کے نام سے جانا جاتا تھا، ریڈ سی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کام کرنے والی پہلی ایئر لائن بن جائے گی۔
ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملٹی پروجیکٹ ڈویلپر ریڈ سی گلوبل نے السعودیہ اور ریڈ سی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے آپریٹر ڈبلن ایئر پورٹ اتھارٹی کے ساتھ باقاعدہ شیڈول سروسز شروع کرنے کے لیے ایک معاہدہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ معاہدہ ریڈ سی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کم کاربن اور پائیدار ہوا بازی کے ایندھن کے استعمال پر مشترکہ تحقیق کرنے کے لیے تینوں تنظیموں کے لیے ایک فریم ورک بھی قائم کرتا ہے۔
آر ایس جی گلوبل کے سی ای او جان پگانو نے ایک بیان میں کہا کہ ’ جب پہلی تجارتی پرواز ریڈ سی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اترتی ہے تو یہ صرف ریڈ سی گلوبل کے لیے ذاتی فخر کا مقام نہیں ہو گا بلکہ یہ سعودی عرب کے لیے اس وژن کو حقیقت بنانے میں سنگ میل کا لمحہ ہو گا‘۔
ریڈ سی انٹرنیشنل ایئر پورٹ ریاض آنے اور جانے والی پروازوں کے ساتھ شروع ہو گا اور 2024 میں بین الاقوامی پروازوں تک توسیع کرنے سے پہلے جدہ سے جڑے گا۔
ایئر پورٹ کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے لیے الیکٹرک عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ طیاروں کی تعیناتی پر بھی غور کر رہا ہے۔
السعودیہ کے سی ای او ابراہیم کوشی نے کہا کہ ’ سعودیہ کا تعاون گیگا پراجیکٹس کے اہداف کو حاصل کرنے اور ریڈ سی انٹرنیشنل ایئر پورٹ چلانے اور جانے والی پہلی ایئر لائن کے طور پر ہماری شمولیت ہم سب کے لیے باعث فخر ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ یہ معاہدہ مملکت میں ہماری پوزیشن کو مضبوط کرے گا، ہمیں سیاحت کو فروغ دینے اور بین الاقوامی ہوا بازی میں ملک کی حیثیت کو بڑھانے کے لیے ریڈ سی گلوبل اور ڈبلن ایئر پورٹ اتھارٹی انٹرنیشنل کے ساتھ تعاون کرنے کی اجازت دے گا‘۔
یہ معاہدہ ریڈ سی گلوبل اور ڈبلن ایئر پورٹ اتھارٹی انٹرنیشنل کے موجودہ تعلقات میں توسیع کرتا ہے کیونکہ یہ ایئر پورٹ کا نظم و نسق جاری رکھتا ہے اور سعودیہ کے ساتھ مختلف سرگرمیوں پر کام کرتا ہے جیسے ایئر پورٹ کے گیٹ اور کاؤنٹر مختص کرنا۔
ڈبلن ایئر پورٹ اتھارٹی انٹرنیشنل کے سی ای او نکولس کول نے کہا کہ ’ ریڈ سی انٹرنیشنل ایئر پورٹ مسافروں کے لیے سعودی عرب کے عجائبات کا تجربہ کرنے کا ایک نیا گیٹ وے ہے۔ ہم ریڈ سی گلوبل اور سعودیہ کے ساتھ کام کریں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ریڈ سی انٹرنیشنل ایئر پورٹ اس سے گزرنے والے تمام افراد کے لیے واقعی ایک منفرد تجربہ فراہم کرے‘۔