انٹرنیٹ گورننس فورم کی میزبانی کےلیے ’ریاض‘ منتخب
جمعرات 12 اکتوبر 2023 22:24
فورم میں 160 ممالک کے ایک ہزار سے زائد ماہرین شرکت کریں گے(فوٹو،المدینہ اخبار)
اقوام متحدہ نے انٹرنیٹ گورننس انٹرنیشنل فورم (آئی جی ایف) کی میزبانی کے لیے سعودی دارالحکومت ریاض کا انتخاب کرلیا۔ 2024 میں آئی جی ایف کا 19 واں سیشن ریاض میں ہوگا۔
اخبار 24 کے مطابق اقوام متحدہ انٹرنیٹ گورننس کی تازہ صورتحال سے متعلق بین الاقوامی پالیسیوں اور رجحانات مرتب کرنے کے لیے ہر سال سپیشل سیشن منعقد کرتی ہے جس میں دنیا بھر کے ماہرین جمع ہوتے ہیں اور سرکاری و نجی ادارے اور بغیر منافع والے ادارے متفقہ فیصلے کرتے ہیں۔
سعودی وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینیئر عبداللہ السواحہ نے کہا کہ سعودی عرب دنیا بھر میں خلیج پاٹنے اور ہمہ جہتی ڈیجیٹل سسٹم کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کررہا ہے۔
فورم میں 160 ممالک کے ایک ہزار سے زیادہ ماہرین اور 300 سے زیادہ ورکشاپس ومباحثے منعقد ہوں گے۔ 5 روزہ فورم کے دوران کوآپریٹو معاہدے اور انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی میزبانی میں مذکورہ فورم کا انعقاد ایسے وقت میں عمل میں آرہا ہے جب مملکت نے بین الاقوامی رپورٹوں اور گرافس میں نمایاں پیشرفت حاصل کی ہے۔
سعودی عرب جی 20 ممالک کے درمیان ڈیجیٹل مسابقت کے گراف میں دوسرے اور عالمی بینک سے جاری ہونے والے ڈیجیٹل گورنمنٹ گراف میں تیسرے نمبر پر ہے۔
علاوہ ازیں کمیونیکیشن کی انٹرنیشنل آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل انتظامات کی تیاری رپورٹ میں سعودی عرب کو چوتھے نمبر پر رکھا گا ہے۔