سعودی ویژن 2030: پاکستان کی سالانہ 10 لاکھ ورکرز کی خدمات فراہم کرنے کی پیش کش
ہفتہ 14 اکتوبر 2023 20:35
سعودی سفیر سے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز نے اسلام آباد میں ملاقات کی (فوٹو: سعودی سفارت خانہ)
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے وزیراعظم پاکستان کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز جواد سہراب ملک نے سنیچر کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس موقع پر معاون خصوصی نے سعودی ویژن 2030 کے لیے سالانہ 10 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کو شامل کرنے کی درخواست کی۔
ملاقات میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ ’سعودی عرب اپنے وژن 2023 کی تکمیل کے لیے پاکستان سے کثیر تعداد میں افرادی قوت کی خدمات حاصل کر سکتا ہے۔‘
انہوں نے سعودی سفیر کو بتایا کہ ’پاکستانی حکومت ہنرمند لیبر فورس کا ایک پول بنا رہی ہے تاکہ ڈیجیٹلائزیشن، خدمات اور سیاحت کے شعبوں میں ہمارے اُبھرتے ہوئے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جا سکے۔‘
بعدا ازاں ’ایکس‘ پر ایک بیان میں جواد سہراب ملک کا کہنا تھا کہ ’پاکستان سے ہنرمند، نیم ہنرمند اور غیرہنرمند افرادی قوت سعودی عرب کے ویژن 2023 کی ضروریات کو موثر طریقے سے پورا کر سکتی ہے۔‘
انہوں نے سعودی ویژن 2030 کے ذریعے پیدا کیے گئے روزگار کے مواقع کے تحت مختلف مہارتوں کے حامل 10 لاکھ افراد کو ملازمت فراہم کرنے کی پاکستان کی صلاحیت کو بھی اُجاگر کیا۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’سعودی سفیر نے پاکستان کے افرادی قوت کے وسائل میں حصہ بڑھانے سے متعلق جواد سہراب ملک کی پیش کردہ تجاویز کو سراہا۔‘
نواف بن سعید المالکی اور جواد سہراب ملک نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع کے امکانات پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔