وزارت حج کا نیا پورٹل ’نسک اعمال‘، زائرین کے لیے سہولتیں کیا ہیں؟
زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو نئی شکل دی جارہی ہے (فائل فوٹو: اے پی)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے ’نسک اعمال‘ پورٹل جلد متعارف کرانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ حج و عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو نئی شکل دی جارہی ہے۔
نئے پورٹل کا اجرا سروس فراہم کرنے اور اسے استعمال کرنے والے کے درمیان پل کا کام کرے گا۔
وزارت حج و عمرہ نے مزید کہا کہ نئے پورٹل ’نسک اعمال’ کی تیاری کے آخری مرحلے میں ہے۔ نسک اعمال زائرین کی خدمت پرمامور اداروں کے ساتھ مربوط ہوگا اور سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے مشترکہ فرنٹ کا کردار ادا کرے گا۔
نسک اعمال ہی حج وعمرہ خدمات کے حوالے سے بنیادی کردار ادا کرے گا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ نئے پورٹل سے زائرین کو تمام بنیادی خدمات مہیا ہوں گی۔ ای نسک ایپ کے ذریعے جو خدمات فراہم کی جارہی تھیں وہ نسک اعمال پر مہیا ہوں گی۔
مثلاحج پیکیج کی بکنگ، عمرہ پرمٹ، ریاض الجنہ میں نماز کا پرمٹ، زیارتوں کے لیے بکنگ، حج و عمرہ پیکیج کے معاملات انجام دیے جائیں گے۔
نسک اعمال کے ذریعے موبائل سم بھی حاصل کی جاسکے گی۔ ترسیل زر کے لیے ڈیجیٹل والیٹ بھی نسک اعمال میں مہیا ہوگا۔