شاہ سلمان کی سرپرستی میں اسلامی ممالک کے وزرائے ماحولیات کی کانفرنس
شاہ سلمان کی سرپرستی میں اسلامی ممالک کے وزرائے ماحولیات کی کانفرنس
جمعرات 19 اکتوبر 2023 18:48
کانفرنس میں 52 مسلم ممالک کے وزرائے ماحولیات شرکت کررہے ہیں (فوٹو، ایکس)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں ہونے والی مسلم وزرائے ماحولیات کی نویں کانفرنس کا افتتاح سعودی وزیر ماحولیات و پانی و زراعت انجینیئرعبد الرحمن الفضلی نے جمعرات کوجدہ میں کردیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق انجینیئر الفضلی نے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مسلم ممالک مشترکہ جدوجہد ، معلومات و تجربات کے تبادلے اور نئے طور طریقے اپنانے کے پابند ہیں۔
مسلم ممالک ماحولیات کے تحفظ اور بین الاقوامی ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے سلسلے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں تاکہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے بہترمستقبل کویقینی بنایا جاسکے۔
کانفرنس میں 52 مسلم ممالک کے وزرائے ماحولیات اور ماحولیات سے تعلق رکھنے والی 30 سے زیادہ علاقائی و تنظیموں کے نمائندے شریک ہیں۔
سعودی وزیر ماحولیات نے اسرائیل کے انسانیت مخالف جارحانہ حملوں کی وجہ سے فلسطینیوں پر ٹوٹنے والے مصائب کے حوالے سے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ اسرائیل کے جارحانہ حملوں سے انسانی زندگی، بنیادی ڈھانچے اور ماحولیات پر برے اثرات پڑ رہے ہیں۔
سعوددی وزیر نے حال ہی میں قدرتی آفات سے دوچار ہونے والے ملکوں مراکش اور یمن کے ساتھ سعودی عرب کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
انجینیئرعبد الرحمن الفضلی نے کہا کہ سعودی وژن 2030 ماحولیاتی تحفظ کو غیر معمولی اہمیت دیے ہوئے ہے۔
سعودی وژن نے تمام ماحولیاتی شعبوں کو کور کرنے والے 5 سپیشل ماحولیاتی مراکز اور فنڈ قائم کیا ہے۔
قومی سطح پررہنما اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان میں گرین سعودی عرب سرفہرست ہے۔ جس کی بدولت سعودی عرب میں محفوظ علاقوں کا تناسب 30 فیصد تک پہنچ جائے گا۔
مملکت 2060 تک کاربن سرکولیشن معیشت اور کاربن فری ماحول تک رسائی کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔
انجینیئر الفضلی نے کہا کہ مملکت نے اپنےعلاقائی اور بین الاقوامی کردار پر عمل کرتے ہوئے متعدد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کیا ہے۔