انڈیا نے 274 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ کپتان روہت شرما کی گری جو 46 رنز بنانے کے بعد لوکی فرگوسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ شبھمن گل بھی 26 رنز بنا کر لوکی فرگوسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
شریاس ایئر نے 33 رنز بنائے لیکن وہ ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ کے ایل راہل نے 27 بنائے جس کے بعد وہ سینٹنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ سوریا کمار یادو صرف دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
وراٹ کوہلی نے 95 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد وہ میچ کے آخری لمحات میں ہینری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے بولروں میں سے لوکی فرگوس نے دو، جبکہ مچل سینٹنر، میٹ ہینری اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پہلی اس وقت گری جب ڈیوون کونوے کوئی رن بنائے بغیر محمد سراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد وِل ینگ 17 رنز ہی بنا پائے تھے کہ انہیں محمد شامی نے بولڈ کر دیا۔ رچن رویندرا نے 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کے بعد وہ محمد شامی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
ٹام لیتھم ابھی کریز پر قدم جما بھی نہ پائے تھے اور صرف پانچ رنز ہی بنائے تھے کہ وہ کلدیپ یادو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ گلین فلپس بھی 23 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادو کا شکار بنے۔
مارک چیپ مین بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور چھ رنز سکور کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ مچل سینٹنر نے صرف ایک رن پر محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ میٹ ہینری صفر پر محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
ڈیرل مچل نے پانچ چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، لیکن اس کے بعد وہ محمد شامی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، جبکہ لوکی فرگوسن صرف ایک رن کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 130 رنز بنا کر نمایاں رہے (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 130 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ رَچن رویندرا نے 75 اور گلین فلپس نے 23 رنز سکور کیے۔
انڈیا کی جانب سے محمد شامی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ اُن کے علاوہ کلدیپ یادو نے دو اور جسپریت بمراہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کا میگا ایونٹ میں پانچواں میچ تھا۔ دونوں ٹیمیں ابھی تک اس ورلڈ کپ میں پانچ پانچ میچ کھیل چکی ہیں۔
اگر ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو انڈیا کے 10 اور نیوزی لینڈ کے 8 پوائنٹس ہیں۔
اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کو انجری کے شکار کپتان کین ولیمسن کی خدمات میسر نہیں تھیں، جبکہ دوسری جانب انڈین آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا بھی بنگلہ دیش کے خلاف پونے میں کھیلے گئے میچ میں زخمی ہونے کے باعث اس میچ میں شرکت نہیں کر سکے۔
اگر نیوزی لینڈ اور انڈیا کے درمیان ون ڈے ورلڈ کپ میں میچوں کی تاریخ کو دیکھا جائے تو دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں پانچ مرتبہ کامیابی نیوزی لینڈ جبکہ چار مرتبہ جیت انڈیا کو ہوئی اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا میچ 2019 میں کھیلا گیا تھا جس میں سیمی فائنل میں کیویز نے ٹیم انڈیا کو شکست دے دی تھی۔
انڈیا کی پلئینگ الیون
انڈین ٹیم میں روہت شرما(کپتان)، شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، شریاس ایئر، کے ایل راہُل (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادو، رویندرا جڈیجہ، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو، محمد شامی اور محمد سراج شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی پلئینگ الیون
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ڈیوون کونوے، وِل ینگ، رَچن رویندرا، ڈیرل مِچل، ٹام لیتھم (کپتان، وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مِچل سینٹنر، میٹ ہینری، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔