Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فالکنز کلب کی نیلامی 1.6 ملین ریال سے تجاوز کر گئی

سعودی فالکنز کلب کے ہیڈ کوارٹر میں نیلامی 15 نومبر تک جاری رہے گی (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں چوتھی سعودی فالکنز کلب کی نیلامی میں تین فالکن ایک لاکھ 55 ہزار ریال میں فروخت ہونے کے بعد نیلامی 1.6 ملین ریال سے تجاوز کر گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ نیلامی ریاض کے شمال میں واقع ملھم میں سعودی فالکنز کلب کے ہیڈ کوارٹر میں شروع ہوئی ہے جو 15 نومبر تک جاری رہے گی۔
عرب نیوز کے مطابق الليث شہر کے جنوب سے دو قیرنس فالکن 57 ہزار ریال اور 33 ہزار ریال میں فروخت ہوئے جب کہ تیسرا الواج کا جوان فالکن 65 ہزار ریال میں فروخت ہوا۔
قبل ازیں مملکت کے شمالی سرحدی علاقے العوقیلہ سے ایک پیری گرائن فالکن دو لاکھ 50 ہزار ریال  کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوا۔ ایک اور شاہین فالکن الليث شہر سے ایک لاکھ 35 ہزار ریال میں فروخت ہوا۔
نیلامی کے منتظمین نے کہا کہ اس کا مقصد مملکت کے فالکنری ورثے کو فروغ دینا، متعلقہ ثقافتی اور اقتصادی سرگرمیوں کی حمایت کرنے کے علاوہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیش کرنا ہے جو قومی معیشت کی ترقی میں مدد فراہم کرتا ہے۔
نیلامی کے دوران کلب سعودی عرب میں فالکنری میں سرمایہ کاری اور اس شعبے کی ترقی کا خاکہ پیش کرتا ہے جس میں پرندوں کی خرید و فروخت کے ضوابط بھی شامل ہیں۔
سعودی فالکنز کلب فالکن مالکان کے لیے رہائش اور ٹرانسپورٹ فراہم کرتا ہے جب کہ نیلامی ٹیلی ویژن چینلز اور کلب کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہ راست نشر کی جاتی ہے۔
2020 میں کلب کی پہلی نیلامی کے دوران 20 دنوں میں 102 فالکن فروخت کیے گئے جن کی مجموعی فروخت 10 ملین ریال سے زیادہ تھی۔
دوسری نیلامی میں 95 فالکن 8.3 ملین ریال میں جب کہ  تیسری نیلامی کے دوران 81 فالکن جن کی مجموعی فروخت سات ملین ریال سے زیادہ تھی۔

شیئر: