Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فالکنز نمائش میں قیمتی اشیا دیکھنے کےلیے وزیٹرز کا رش

سعودی فالکنز اور شکار کی 10 روزہ نمائش 14 اکتوبر تک جاری رہے گی (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں سعودی فالکنز اور شکار کی 10 روزہ بین الاقوامی نمائش میں لوازمات کے پویلین میں سونے، چاندی اور ہیروں سے جڑے زیورات دیکھنے والوں کی ایک خاصی تعداد موجود ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اسیسریز پویلین نمائش میں اٹلی کی ڈووائل ڈی اینجلس نے بتایا کہ وہ پہلی بار ریاض نمائش میں شرکت کر رہی ہیں۔
ان کی دکھائی جانے والی اشیا میں فالکن کے لیے دستانے، ہڈز اور پازیب شامل ہیں جب کہ کچھ ہیرے، سونے اور چاندی سے جڑے ہوئے ہیں۔
ڈی اینجلس نے کہا کہ ’ قیمتی پتھروں کو ہاتھ سے کاٹا گیا تھا تاکہ فالکنرز، فالکنری کے شوقین افراد اور قیمتی اشیا جمع کرنے میں دلچسپی رکھنے والوں کو تحفے کے طور پر پیش کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پویلین میں تسبیح، انگوٹھیاں اور اسلامی طرز سے متاثر دیگر اشیا بھی رکھی گئی ہیں۔
نمائش میں روایتی بُنائی کے پویلین نے بھی وزیٹرز کو ہیریٹیج ٹیکسٹائل، لوازمات اور دستکاری کی نمائش کی جانب راغب کیا ہے۔
ام غزل نے بتایا کہ ’ وہ بچپن سے ہی اونی دستکاری سے منسلک تھیں۔ اب وہ خواتین اور بچوں کے جوتے، ٹوپیاں، بریسلیٹ، ٹوکریاں، گفٹ بیگ، دستانے اور لوازمات بناتی ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ وہ تقریباً ایک گھنٹے میں جوتوں کا ایک جوڑا بنا سکتی ہیں تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنی تخلیقات کو سعودی ورثے اور تاریخ کے جذبے سے ہم آہنگ کرنے کی خواہشمند ہیں‘۔
ام غزل نے سعودی فالکنز کلب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کاریگروں کو نمائش میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا۔
ام مطلق جو ساڈو ٹیکسٹائل کی بُنائی میں مہارت رکھتی ہیں، نے کہا کہ ’ نمائش میں آنے والے افراد بُنائی کے راز اور اس کی پیداوار کے مراحل کے بارے میں جاننے کے خواہشمند تھے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی وراثت پر فخر ہے جنہوں نے معاشرے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تجارت کی جن میں ساڈو کی بنائی بھی شامل ہے جس کے لیے خواتین خاص طور پر مشہور ہیں‘۔
سعودی فالکنز اور شکار کی 10 روزہ بین الاقوامی نمائش جس کی میزبانی سعودی فالکنز کلب نے کی ہے 14 اکتوبر تک شام 4 بجے سے رات 11 بجے جاری رہے گی۔
نمائش میں مختلف سعودی کمپنیاں 75 سے زائد بین الاقوامی برانڈز کی نمائندگی کریں گی جس میں شکار کے جدید ترین آلات کی مختلف اقسام کی نمائش کی جائے گی۔

شیئر: