فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی شہر کی دیواروں کے بجائے سوشل میڈیا پر کریں: میئر کراچی
بدھ 25 اکتوبر 2023 15:28
زین علی -اردو نیوز، کراچی
مرتضیٰ وہاب گلستان جوہر میں تعمیر ہونے والے انڈر پاس کا نام فلسطینی عوام سے منسوب کیا جائے گا (فوٹو: سکرین گریب)
میئر کراچی بیریسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ فسلطین سے حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف کراچی کی سڑکوں اور دیواروں کے بجائے سوشل میڈیا سمیت دیگر فورم کا استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں گلستان جوہر میں تعمیر ہونے والے انڈر پاس کا نام فلسطینی عوام سے منسوب کیا جائے گا۔
کراچی میں ناصر بروہی ہوٹل سے مبارک ولیج تک پانچ کلو میٹر کی سڑک کے سنگ بنیاد کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کے گلستان جوہر میں قائم جوہر انڈر پاس کو فلسطینیوں کے نام سے منسوب کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ شہر کی دیواروں کے بجائے سوشل میڈیا اور دیگر پلٹ فارم پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطین کی حمایت میں آواز بلند کریں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ’ہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم مظلوموں کے ساتھ ہیں، ہم جارحیت کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، لیکن یہ بتائیں اگر کراچی کی شاہراہ فیصل پر اسرائیل مردہ باد لکھیں گے تو کیا اس سے فلسطینی عوام کا مسئلہ حل ہو رہا ہے؟ اللہ نے ہمیں قلم دیا ہے، ہمیں زبان دی، ہم سوشل میڈیا پر قلم کے ذریعے اور اپنے علم کے ذریعے فلسطین کا مقدمہ لڑیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کی دیواروں پر کہیں محبوب کو قدموں میں لانے کا اشتہار نظر آتا ہے تو کہیں حکیموں کی چاکنگ سمیت دیگر چاکنگ نظر آتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 5 نومبر کے بعد کونسل کا اجلاس ہوگا جس میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے سٹی کونسل سے گلستان جوہر انڈر پاس کو فلسطین کے نام سے منسوب کرنے کی قرار داد پیش کی جائے گی۔