Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معمر افراد کو سب سے زیادہ بےخوابی کی شکایت کیوں ہوتی ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی صحت کے لیے اچھی نیند کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا (فوٹو: فری پک)
بےخوابی صحت کے مسائل کی بنیادی وجہ سمجھی جاتی ہے جس سے عام طور پر معمرافراد دوچار رہتے ہیں۔ نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے  روز مرہ کی روٹین بھی خراب ہو جاتی ہے جس سے پورا دن تھکاوٹ کا احساس رہتا ہے۔ 
میڈیکل ویب سائٹ ’ہیپیسٹ ہیلتھ ‘ کی شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی صحت کے لیے اچھی نیند کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
ڈاکٹر منجو ناتھ ایس کا کہنا ہے کہ ’معمر افراد میں کم خوابی کی شکایت  کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ میلا ٹونن ہارمون کم ہونے لگتا ہے۔‘
ممبئی کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر لینی ڈاکوسٹا سمجھتے ہیں کہ بیرونی عوامل بھی نیند میں کمی کا باعث بن سکتے ہیں۔
’عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی نیند میں خلل پڑتا ہے۔ انہیں ماحول بھی متاثر کرتا ہے یعنی زیادہ روشنی یا آب وہوا کی وجہ سے نیند کا دورانیہ کم ہو جاتا ہے۔‘
ڈاکٹر منجو  ناتھ ایس کے مطابق ’بے خوابی کی وجہ سے وہ یا تو ساری رات جاگتے رہتے ہیں اور پھر دن میں زیادہ وقت سو کر گزارتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی رات کی نیند متاثر ہوتی ہے اوران کا موڈ بھی خراب رہتا ہے۔‘
پاکستان کے شہر حیدرآباد کے سینیئر پلمونولوجسٹ ڈاکٹر ڈی ایس کا کہنا ہے کہ ’نیند میں جن افراد کو سانس لینے میں دشواری یا سانس کی اچانک بندش کا مسئلہ ہوتا ہے اس کی وجہ موٹاپا ہو سکتی ہے۔
’گردن کے گرد پٹھوں پرچڑھنے والی چربی کی وجہ سے پٹھے ڈھیلے ہو جاتے ہیں اور سوتے وقت آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں جو بعض اوقات ہارٹ اٹیک کا بھی باعث ہوتا ہے۔‘ 
ماہرین طب کا مزید کہنا ہے کہ آنتوں کی صحت کے مسائل بھی رات کے وقت نیند میں خلل کا باعث بن سکتے ہیں کیونکہ گیسٹرو ایسوفیجل ریفلوکس کا مرض نیند کو متاثر کرسکتا ہے۔  
’ہیپیسٹ ہیلتھ ‘ ویب سائٹ کے مطابق سونے سے قبل مسلسل سمارٹ فون کا استعمال بھی نیند میں خلل کی بڑی وجہ ہے جو نہ صرف معمر بلکہ عام افراد کے لیے بھی مشکل کا باعث ہوتا ہے۔ 
ڈاکٹر ڈا کوسٹا کا کہنا ہے کہ ’اچھی نیند کے لیے ضروری ہے کہ سونے سے کم از کم ڈیرھ گھنٹہ قبل اپنا موبائل فون ’سوئچ آف ‘ کر دیں۔اس سے پائنل غدود میں عدم توازان پیدا ہوتا ہے جو میلاٹونن کی پیدوار کو مزید متاثر کرتا ہے۔‘
ڈاکٹر ڈا کوسٹا نے اچھی نیند کے لیے یہ تجویز دی ہے کہ باقاعدگی سے ورزش کریں کیونکہ اس سے جسم میں اینڈورفین  ہارمون کی سطح  بڑھتی ہے جو گہری اورپُرسکون نیند کا سبب ہے۔

شیئر: