تجارت اور توانائی پر بات چیت کےلیے بنگلہ دیشی وفد کی سعودی عرب آمد
فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبرز کے ارکان مملکت پہنچے ہیں( فوٹو: عرب نیوز)
فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے اپنے سعودی ہم منصبوں کے ساتھ ریاض میں بات چیت کے دوران تجارت، توانائی اور بنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
عرب نیوز کےمطابق فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 21 ارکان سعودی عرب پہنچے جن میں فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبر آف کامرس کے صدر محبوب عالم شامل ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی کی قیادت میں رواں برس مارچ میں ایک سعودی وفد کے ڈھاکا کے دورے کے بعد سے دونوں ممالک میں تعاون کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔
اس دورے کے دوران سرمایہ کاری کے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ سعودی عرب نے بنگلہ دیش کی توانائی، بندرگاہ اور زراعت کی صنعتوں میں قدم رکھا جب کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس نے سعودی بنگلہ دیش بزنس کونسل قائم کی۔
فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبر آف کامرس کے صدر محبوب عالم نے عرب نیوز کو بتایا کہ ہمارا مملکت کا دورہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے اس جذبے کا تسلسل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ ہماری بنیادی توجہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو اگلی سطح پر لانا ہے۔ ہم نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے کے لیے متعدد شعبوں کا انتخاب کیا ہے جس میں توانائی، پیٹرو کیمیکل، بینکنگ، بنیادی ڈھانچہ اور ہنر کی ترقی کے لیے تربیت شامل ہیں‘۔
کونسل کا پہلے اجلاس جمعرات کو ریاض میں شروع ہو گا جس کے بعد سعودی عرب کے مختلف کاروباری سٹیک ہولڈرز اور حکام سے بات چیت ہو گی۔
محبوب عالم نے کہا کہ ’ سعودی بزنس کونسل کے صدر اور ریاض کے گورنر کے ساتھ ملاقاتیں طے شدہ ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ بنگلہ دیشی حکومت نے مملکت کے سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعات تیار کی ہیں‘۔
فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبر آف کامرس کے صدر نے کہا کہ ’ سعودی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت نے اقتصادی زون میں 300 ایکڑ زمین مختص کی ہے۔ ہماری اہم بات چیت میں سے ایک سعودی سرمایہ کاروں کو اس اقتصادی زون میں لانا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ ہم بنگلہ دیش میں سعودی سرمایہ کاری کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ سعودی عرب دنیا کے مختلف ممالک میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ ہم بنگلہ دیش میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے 100 اقتصادی زون بھی بنا رہے ہیں‘۔
فیڈریشن آف بنگلہ دیش چیمبر آف کامرس کا یہ دورہ اس وقت ہوا جب بنگلہ دیش کے 53 اعلیٰ کاروباری رہنماؤں کا ایک اور وفد سرمایہ کاری اور تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے لیے اتوار کو مملکت پہنچا۔
ڈھاکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت میں وفد میں سمال اور میڈیم کاروباری اداروں کے ساتھ ساتھ کچھ بڑے اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔
وفد میں یونائیٹڈ گروپ اور آئی ایف اے ڈی گروپ بھی شامل ہے جو کنسٹرکشن اور ہیلتھ کیئر، آٹوموبائل اور کنزیومر پیکڈ گڈز کے لیے مشہور ہیں۔