اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور سعودی وزارت خارجہ کے اشتراک سے پیر کو جدہ میں ’اسلام میں خواتین‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس شروع ہوگئی۔
بین الاقوامی کانفرنس تین دن جاری رہے گی۔ اختتامی اجلاس 8 نومبر کو ہوگا۔
کانفرنس کا مقصد مسلم خواتین کی تاریخی کامیابیوں اور کارکردگی کو اجاگر کرنا ہے۔ ابتدائی دور سے عصر حاضر تک مسلم خواتین کے کارناموں کو سامنے لایا جائے گا۔
کانفرنس کے شرکا مسلم معاشروں میں خواتین کو بااختیار بنانے اور اس کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کے لیے سیاسی اقدامات اور قانونی اصلاحات کا روڈ میپ جاری کریں گے۔
علاوہ ازیں ’اسلام میں خواتین‘ پر جدہ منشور جاری کیا جائے گا۔
کانفرنس میں پاکستان کے وفد کی سربراہی نگراں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک کررہی ہیں۔
قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئر پرسن نیلو فر بختیار اور او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب ایمبسڈر فواد شیر بھی شامل ہیں۔
سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کانفرنس میں پینلسٹ کے طور پر شریک ہیں۔
چھ سے آٹھ نومبر تک جاری رہنے والی اس تین روزہ کانفرنس کا مقصد اسلامی معاشرے میں خواتین کے کردار پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔