شہزادہ فیصل بن فرحان سے انڈونیشی وزیر خارجہ کی ملاقات
غزہ اور گردو نواح میں ہونے والی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کو جدہ میں خواتین سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر اپنی انڈونیشی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فریقین نے غزہ پٹی اور گردو نواح میں ہونے والی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا تاکہ غزہ کے نہتے شہریوں کو مکمل تحفظ حاصل ہوسکے۔
فریقین نے انسانی المیے سے بچنے کے لیے بنیادی انسانی فوری ضروریات کا سامان پہنچانے کے لیے محفوظ راہداریوں کے انتظام کی اہمیت پر بھی بات چیت کی۔
سعودی اور انڈونیشی وزرائے خارجہ نے دوطرفہ اور کثیر فریقی کوششوں کے استحکام کے طریقوں پر بات چیت کی۔
علاوہ ازیں اسلام میں خواتین سے متعلق ہونے والی کانفرنس کے ایجنڈے پر موجود نمایاں موضوعات بھی زیر بحث آئے۔
اس موقع پر مکہ مکرمہ ریجن میں دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر مازن الحملی بھی موجود تھے۔