Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلٰی اعظم خان انتقال کر گئے

21 جنوری کو سابق چیف سیکریٹری محمد اعظم خان کو خیبرپختونخوا کا نگراں وزیراعلٰی تعینات کیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو)
خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلٰی محمد اعظم خان آج سنیچر کی صبح پشاور کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔ اُن کو دل کا دورہ پڑا تھا۔
پشاور میں وزیراعلٰی کے پریس سیکریٹری نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعے کو طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے نگراں وزیراعلٰی کو نجی ہسپتال رحمان میڈیکل انسٹی ٹیوٹ منتقل کیا گیا تھا۔
ان کا جنازہ آج سہ پہر ساڑھے تین بجے آبائی گاؤں پڑانگ میں ادا کیا جائے گا۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر سے جاری ایک بیان کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ’مرحوم اعظم خان کے ساتھ ملاقاتوں میں اُنہیں ایک شریف النفس انسان پایا۔‘
نگراں وزیراعظم نے ایکس (سابقہ  ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ایک ایماندار اور نیک انسان تھے۔
’نگراں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا اعظم خان کے انتقال کی تکلیف دہ خبر ملی وہ یقیناً ایک ایماندار اور نیک انسان تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔‘
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نگراں وزیراعلٰی اعظم خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ’مرحوم اعظم خان نے اہم ترین انتظامی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے نبھایا، عوام کی خدمت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے ان کے اقدامات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘
رواں برس 21 جنوری کو سابق چیف سیکریٹری محمد اعظم خان کو خیبرپختونخوا کا نگراں وزیراعلٰی تعینات کیا گیا تھا۔
محمد اعظم خان کا حکومت پاکستان میں سرکاری ملازم کی حیثیت سے طویل اور روشن کیریئر رہا ہے۔
انہوں نے ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے فرائض سرانجام دیے، جنوری 1997 سے چھ جون 2007 تک یو این ڈی پی کے پروگرام تخفیف غربت کے ایڈوائزر تھے۔
محمد اعظم خان نے 24 اکتوبر 2007 سے یکم اپریل 2008 تک بطور وزیرخزانہ خیبرپختونخوا خدمات انجام دیں، 2018 کے نگراں سیٹ اپ میں وفاق میں وزیر داخلہ بھی رہے۔
وہ وفاقی سیکریٹری وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل اور وفاقی سیکریٹری وزارت مذہبی امور کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
انہوں نے پشاور یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی جس کے بعد وہ بار ایٹ لاء کی ڈگری مکمل کرنے کے لیے لندن گئے تھے۔

شیئر: