حادثے میں زخمی ہونے والوں کی ایئرایمبولینس سے منتقلی
شدید زخمی کو ایئرایمبولینس کے ذریعے 18 منٹ میں جدہ منتقل کیا(فوٹو، ایکس)
مکہ مکرمہ کے الحسینیہ علاقے میں پیر کو ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والوں کی امداد کےلیے فضائی ایمبولینس استعمال کی گئی۔ فضائی ایمبولینس کے ذریعے شدید زخمی شخص کو جائے حادثہ سے 18 منٹ میں ہسپتال پہنچا دیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ہلال احمر کا کہنا ہے کہ حادثے میں دوافراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے فضائی ایمبولنس کے ذریعے جدہ کے شاہ فہد اسپتال میں منتقل کیا گیا۔
مکہ مکرمہ ریجن میں سعودی ہلال احمر نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین و ضوابط کی پابندی کریں۔
حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی نہ چلائیں اور گاڑی چلاتے وقت سڑک پر توجہ مرکوز رکھیں اور موبائل کے استعمال سے پرہیز کریں۔