فٹ بال ورلڈ کپ کوالیفائر: سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان میچ، شائقین پرجوش
جمعرات 16 نومبر 2023 6:21
ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کی فٹبال ٹیموں کا مقابلہ آج الاحسا میں ہو رہا ہے۔
اس میچ کے حوالے دونوں ملکوں کے فٹبال شائقین پرجوش ہیں۔
بدھ کو سعودی فٹبال ٹیم کے ٹرینر روبرٹو مانشی نے پاکستان سے ہونے والے میچ کے بارے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹیم کے ٹرینر نے کہا کہ ’پاکستانی ٹیم سے ہونے والا مقابلہ ہمارا پہلا باقاعدہ میچ ہو گا۔‘
’کسی بھی میچ کا آغاز یقینا مشکل ہوتا ہے تاہم پوری کوشش یہ ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور میچ میں پوائنٹ حاصل کرنے کو یقینی بنائیں۔‘
سعودی ٹیم کے ٹرینر نے کہا کہ ’ہم ہر میچ میں اپنی 100 فیصد کارکردگی کی کوشش کریں گے۔‘
دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ورلڈ فٹبال کپ 2026 اور ایشین کپ 2027 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا حصہ ہے۔
سعودی قومی ٹیم نے الاحسا کے ٹریننگ کیمپ میں میچ کی تیاری زور و شور سے کی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق مملکت کے معروف فٹبالر ’یاسرالشھرانی‘ کے زخمی ہونے کی اطلاع نے سعودی شائقین کافی رنجیدہ ہیں۔
اس حوالے سےسعودی فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان اور اردن کے ساتھ ہونے والے میچوں میں اپنی قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
پاکستان اورسعودی عرب کے مابین الاحسا میں جمعرات 16 نومبر کو ہونے والے فٹبال میچ میں مقامی میڈیا کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔
فٹبال کے سعودی شائقین اور مملکت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی جمعرات کو الاحسا کے الفتح کلب سٹیڈیم میں پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے ساتھ مقابلے کی خبروں میں غیرمعمولی دلچسپی ظاہر کر رہی ہے۔