سعودی عرب ، یونیسکو کی مجلس عاملہ کا دوبارہ رکن منتخب
جمعرات 16 نومبر 2023 21:32
سعودی عرب کو سال 2027 تک کے لیے دوسری بار رکن منتخب کیا گیا(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب کو مسلسل دوسری بار یونیسکو کی مجلس عاملہ کا رکن منتخب کرلیا گیا ہے۔
وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے جو تربیت، ثقافت اور سائنس کی قومی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں اس پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور 2027-2023 کے سیشن کے لیے دوبارہ رکن منتخب ہونے کو ممبر ممالک کے یہاں سعودی عرب کی اہمیت کا عکاس قرار دیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق یونیسکو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کو یونیسکو کی جنرل کانگریس کے 42 ویں سیشن کے دوران مجلس عاملہ کا رکن منتخب کرلیا گیا۔
سعودی وزیر ثقافت نے کہا کہ سعودی عرب یونیسکو کے ممبر ممالک میں سے ایک ہے اوروہ تعلیم، ثقافت اور سائنس کی اہمیت پر گہرا یقین رکھتے ہوئے ان تینوں شعبوں کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔