Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا کرکٹ شو ’دی پویلین‘ انڈیا میں بھی مقبول

’ دی پویلین‘ غیر جانبدار تجزیوں کے باعث کرکٹ کے مداحوں کی اولین پسند بن چکا ہے (فوٹو: اے سپورٹس انسٹاگرام)
پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’اے سپورٹس‘ پر ورلڈ کپ کے دوران نشر ہونے والے کرکٹ شو ’دی پویلین‘ کو جہاں ملک بھر میں خوب پذیرائی مل رہی ہے وہیں اس شو نے سرحد پار انڈیا میں بھی شہرت حاصل کر لی ہے۔
اس شو کے میزبان سنگر اور شوبز سٹار فخر عالم ہیں جبکہ ’دی پویلین‘ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے چار سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق، معین خان اور شعیب ملک بطور تجزیہ کار شریک ہوتے ہیں۔
یہ شو اپنے معیاری تبصروں، غیر جانبدار تجزیوں اور دلچسپ گفتگو کے باعث کرکٹ کے مداحوں کی اولین پسند بن چکا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا کے شہر بنگلور سے تعلق رکھنے والے 32 برس کے شبھنانن نائر جو اس شو کو ہر روز دیکھتے ہیں، کہتے ہیں کہ ’یہ بالکل سیدھے اور نقطے کے مطابق تجزیہ کرتے ہیں۔ یہ لوگ پاکستان سمیت ہر ٹیم کی غلطیوں پر بات کرتے ہیں اور اچھا کھیلنے والی ٹیموں کی تعریف کرتے ہیں۔‘
پاکستان اور انڈیا کے درمیان 1947 کی تقسیم کے بعد اب تک تین جنگیں ہو چکی ہیں جس کے بعد یہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے روایتی حریف مانے جاتے ہیں، تاہم اس شو نے دونوں ممالک کے عوام میں محبت کا رشتہ قائم کیا ہوا ہے۔
کرکٹ لیجنڈ وسیم اکرم نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم گورے کو گورا اور سیاہ کو سیاہ کہتے ہیں۔ اپنے دل کی بات کرتے ہیں لیکن کچھ بھی ذاتی نہیں ہوتا۔ سب کچھ پروفیشنل اور مثبت ہوتا ہے۔‘
اس شو کا آغاز 2021 میں یو اے ای میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے موقع پر ہوا تھا جس نے اپنے پہلے سیزن میں ہی غیرمعمولی شہرت حاصل کر لی تھی۔
وسیم اکرم کہتے ہیں کہ اب تو ناظرین کی تعداد دو گنا ہو گئی ہے۔‘
 
وہ کہتے ہیں کہ ’یہ صرف ہم چار سے پانچ افراد کی گفتگو ہوتی ہے، یہ کوئی سائنس نہیں ہے، صرف محنت ہے۔ لیکن ایک ساتھ مل کر بیٹھنے میں مزہ بہت آتا ہے۔ میرے خیال سے عوام کو یہی پسند ہے۔‘
پاکستان سے باہر اس شو کی مقبولیت کے بارے میں سوئنگ کے سلطان کہتے ہیں کہ ’اگر کوئی انڈین ہے، پاکستانی ہے، بنگلہ دیشی ہے یا سری لنکن ہے وہ اپنے وطن سے محبت کرتا ہے۔‘
 انہوں نے کہا کہ ’یہ سب یہیں چھوڑ دیں اور اس وقت اچھی چیزوں کی بات کریں، ایک دوسرے کا احترام اور عزت کریں۔ اگر ہمارا شو یہ اثرات مرتب کر رہا ہے تو ہماری خوشی دیدنی ہے۔‘
خیال رہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: