دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا پر ایکٹیو ہونے پر سرکاری ملازم کے خلاف کارروائی ہوگی
اتوار 19 نومبر 2023 21:41
ڈیوٹی کے دوران نجی موبائل کا استعمال بدنظمی کی انتہا ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے عہدیدار عبود آل زاحم نے کہا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران سرکاری ملازم سماجی رابطہ وسائل استعمال کرنے کا مجاز نہیں۔ خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق آل زاحم نے توجہ دلائی کہ سرکاری اداروں کے ضابطہ اخلاق کے برخلاف ملازمین ڈیوٹی کے دوران اپنے موبائل کے ذریعے سماجی رابطہ وسائل پرسرگرم رہتے ہیں۔ یہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل ہے۔
زاحم کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو اس حوالے سے مزید پابند بنانے کے لیے سخت ضابطہ سازی ضروری ہوگئی ہے۔
آل زاحم کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران نجی موبائل کا استعمال بدنظمی کی انتہا ہے۔ بہت سارے سرکاری ملازم سرکاری اداروں سے رجوع کرنے والوں کو نظر انداز کرکے اپنے موبائل سے کھیلتے رہتے ہیں یہ خلاف تہذیب بھی ہے۔
آل زاحم نے کہا کہ بہت سی بین الاقوامی کمپنیاں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے اپنے ملازمین کو ڈیوٹی کے دوران نجی موبائل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتیں۔ نجی نوعیت کے رابطوں تک پر پابندی لگائے ہوئے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں