سعودی کے فلسطینی قاتل کی سزائے موت پرعمل درآمد
عدالتی فیصلے پر پیر کو عمل درآمد کردیا گیا۔ (فوٹو عاجل)
مکہ ریجن میں سعودی شہری کے فلسطینی قاتل کی سزائے موت پر پیر کو عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’مکہ ریجن میں مقیم فلسطینی عبدالرحمن محمد زھدی نعیم نے سعودی شہری سفر بن سعد بن حسن العمری کو سر پر وار کرکے ہلاک کردیا تھا۔ دونوں میں پہلے سے جھگڑا چل رہا تھا‘۔
سیکیورٹی حکام نے فلسطینی کو گرفتار کرکے ثبوت کے ساتھ عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت میں قتل کا الزام ثابت ہونے پر فلسطینی کو موت کی سزا سنادی گئی۔
وزارت داخلہ کے مطابق ’اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے سزائے موت کی توثیق کردی تھی‘۔
ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم جاری کیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں