’مایوسی پیدا کرنے والے عناصر کو عوامی حمایت سے شکست دی جائے گی‘
’مایوسی پیدا کرنے والے عناصر کو عوامی حمایت سے شکست دی جائے گی‘
جمعرات 23 نومبر 2023 17:52
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے کہا ہے کہ ’ذاتی مقاصد کے حصول کی خاطر مایوسی پیدا کرنے والے مخصوص عناصر کی کوششوں کو ثابت قدمی اور مثبت اقدامات کے تسلسل کے ذریعے پاکستانی عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ شکست دی جائے گی۔‘
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت 82 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس جمعرات کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔‘
فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔‘
’درپیش چیلنجز کے باوجود گذشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان میں اضطراب اور غیر یقینی صورت حال میں کمی ہوئی ہے جبکہ امید، اعتماد اور استحکام میں اضافہ نظر آیا ہے۔‘
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے مطابق ’معیشت کی پائیدار بحالی، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری، وَن ڈاکومنٹ رجیم کے نفاذ اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی باوقار وطن واپسی کے لیے اقدامات کی حمایت کی۔
فورم نے قومی ڈیٹابیس کی حفاظت سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مختلف شعبوں میں حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ ’فوج پائیدار استحکام اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع اور خدمت جاری رکھے گی۔‘
غزہ کے معاملے پر کانفرنس کا کہنا ہے کہ ’پاکستان فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل، جس کی بنیاد 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ہے اور جس کا دارالحکومت القدس شریف ہے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے انڈیا کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف جبرواستبداد پر تشویش کا اظہار کیا اور انڈین فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔‘
’مسئلہ کشمیر کا دائمی حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے میں ہے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔‘
آرمی چیف عاصم منیر نے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور تربیت کے اعلٰی معیار پر اِظہار اطمینان کیا۔