Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کے حقوق، نئے ضوابط کیا ہیں؟

سارا سامان یا کچھ حصہ ضائع ہونے پر معاوضہ حاصل کرنا مسافر کا حق ہو گا (فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں اور ٹرانسپورٹ اداروں  کے حقوق و فرائض کا لائحہ عمل جاری کیا گیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق لائحہ عمل میں کہا گیا کہ ’اگر سفر کا دورانیہ  تین گھنٹے سے زیادہ ہو اور مقررہ وقت سے ایک گھنٹے سے زیادہ تاخیر ہو جائے یا سفر منسوخ  کر دیا جائے تو ایسی صورت میں مسافروں کو لائٹ ریفریشمنٹ یا مشروبات مفت فراہم  کیے جائیں گے۔‘
پبلک ٹرانسپورٹ میں بصارت سے محروم افراد کو اپنے ہمراہ ٹرانسپورٹ ادارے کے یہاں رجسٹرڈ  پالتو جانور لے جانے کی اجازت ہو گی بشرطیکہ وہ جانور دوسروں کے لیے خطرے کا باعث نہ بنے اور نقل و حرکت اور سلامتی میں رکاوٹ پیدا نہ کر رہے ہوں۔ 
اگر اس کی اجازت نہ دی جائے تو ٹرانسپورٹ ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ بصارت سے محروم  مسافر کو اس کی ضرورت کے لحاظ سے متبادل سروس فراہم کرے۔ 
مسافروں کو چھوٹے حجم کے پالتو جانور ہمراہ لے جانے کی اجازت ہو گی بشرطیکہ انہیں منتقل کرنے کے لیے مختص جگہ پر رکھا جائے یا انہیں کسی کارٹن وغیرہ میں لے جایا جائے اور وہ دوسروں کے لیے خطرے کا باعث نہ بن رہے ہوں۔ 
 مسافر ممنوعہ اشیا نہیں لے جا سکتے۔ ایسی کوئی چیز ہمراہ نہیں لے جا سکیں گے جن سے بدبو آئے۔ ایسے کھانے بھی ہمراہ لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی جو دوران سفر خراب ہو سکتے ہیں۔
نئے لائحہ عمل میں مسافروں کو ایسی کوئی چیز لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی جو دو میٹر سے زیادہ لمبی ہو یا کوئی ایسی چیز جسے لگیج کی جگہ پر رکھنا مشکل ہو۔
ایسی چیز جسے مسافر خود نہ اٹھا سکتا ہو یا ایسی کوئی چیز بھی نہیں لے جائی جا سکتی جس سے آگ لگ سکتی ہو۔ 
پبلک ٹرانسپورٹ کے مسافروں کو کسی بھی قسم کا ہتھیار ہمراہ رکھنے، دھماکہ خیز اشیا، آتش بازی کا سامان، پبلک ٹرانسپورٹ یا دوسروں کی زندگی یا اثاثوں کو نقصان یا خطرے میں ڈالنے والی کوئی بھی چیز لے جانا ممنوع ہے۔ 
 بسوں میں نماز کے لیے مختص جگہ پر سونے، مسافروں کو ریڈیو یا موبائل کے ذریعے پریشان کرنے کی اجازت نہیں۔ 
نئے لائحہ عمل کے  تحت مسافروں کو بس پر سفر کرتے وقت سائیکل لے جانے کی اجازت ہے تاہم اس پر اسے فیس ادا کرنا ہو گی۔ 
نئے لائحہ عمل میں معذوروں کے حقوق بھی واضح کیے گئے ہیں۔ 
لائحہ عمل میں کہا گیا کہ اگر سفر کے دوران حادثے میں مسافر کی موت یا وہ زخمی ہو جائے۔ اس کا ذمہ دار ٹرانسپورٹر یا اس کا کوئی اہلکار ہو تو ایسی صورت میں مسافر یا اس کے ورثا کو سعودی قوانین کے مطابق مناسب معاوضہ حاصل کرنے کا حق ہو گا۔ 
 اگر مسافر کا سارا سامان یا کچھ حصہ ضائع ہو جائے تو ایسی صورت میں فی کلو گرام 75 ریال معاوضہ حاصل کرنا حق ہو گا۔

شیئر: