Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی روشن لیگ: الہلال نے الحزم کو 0-9 سے ہرا دیا

میلکم فلیپ نے ٹیم کا آٹھواں اور اپنا تیسرا گول کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ فوٹو عرب نیوز
مملکت میں جاری سعودی روشن لیگ کے میچ میں ریاض کی الہلال فٹبال کلب نے قصیم ریجن کے علاقے الرس کی الحزم کلب کو 9 گول سے شکست دے دی۔
عرب نیوز کے مطابق الہلال کلب نے روشن سعودی لیگ میں اب تک کی سب سے بڑی جیت کے ساتھ سعودی پریمیم لیگ 24-2023 میں چار پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی ہے۔
الحزم کلب کو صفر کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دے کر الہلال کلب 38 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر النصر کلب سے 4 پوائنٹس آگے ہے۔
ریاض کی الہلال کلب روشن لیگ میں 14 میچز کھیل کر تاحال ناقابل شکست ہے اور صرف دو میچز ڈرا ہوئے ہیں۔
گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں الہلال کے برازیلین کھلاڑی میلکم فلیپ کی شاندار ہیٹ ٹرک شامل ہے جب کہ دیگر چھ کھلاڑیوں نے ایک، ایک گول کیا۔
میچ کا پہلا گول الہلال کے الیگزینڈر میٹرووک نے 14 ویں منٹ کیا، دوسرا گول محمد کانو نے 32 ویں منٹ کیا جب کہ 43 ویں منٹ میں محمد القحطانی نے ٹیم کا تیسرا گول کر دیا۔
میچ کے وقفے کے دوران کوئی بھی یہ پیش گوئی نہیں کر سکتا تھا کہ میچ یکطرفہ ثابت ہو گا اور الہلال کی جانب سے بہت سے مزید گول ہونا باقی ہیں۔

پہلا گول الہلال کے الیگزینڈر میٹرووک نے 14 ویں منٹ میں کیا۔ فوٹو الہلال کلب ایکس

ہاف ٹائم کے بعد میچ شروع ہوتے ہی چوتھا اور پانچواں گول بالترتیب 52ویں اور 55 ویں منٹ میں میلکم فلیپ نے کئے۔
صالح الشہری نے 79ویں منٹ میں چھٹا اور دو منٹ بعد ساتواں گول محمد البراک نے کر دیا ، 85 ویں منٹ میں ٹیم کا آٹھواں اور اپنا تیسرا گول کر کے میلکم فلیپ نے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
یکطرفہ میچ کے آخری لمحے میں الحزم کے کھلاڑیوں میں مایوسی نظر آ رہی تھی کہ اسی وقت الہلال کے سربین کھلاڑی سرجیج مینکوووک نے ٹیم کا نواں گول کر دیا۔

وقفے کے دوران کوئی یکطرفہ میچ کی پیش گوئی نہیں کر سکتا تھا۔ فائل فوٹو الہلال ایکس

اس میچ کی اہم بات یہ ہے کہ الہلال کی ٹیم بدستور سرفہرست ہے اور  ایسا لگتا ہے کہ صرف النصر کلب ہی انہیں روک سکتا ہے جو 34 پوانئٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے 
روشن لیگ میں جدہ کی الاہلی کلب 14 میچ کھیل کر 27 پوائنٹس کے ساتھ تیسری اور جدہ کی ہی الاتحاد کلب 25 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

شیئر: