سعودی شہریوں کے لیے جاپان کے ویزا کی شرائط میں نرمی
سعودی شہریوں کے لیے جاپان کے ویزا کی شرائط میں نرمی
بدھ 29 نومبر 2023 16:22
نیا ویزا سیاحت یا دوستوں سے ملنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ فائل فوٹو گیٹی امیج
جاپان نے سعودی شہریوں کے لیے ویزا کی شرائط میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے بعض مالی ضروریات کو پورا کرنے والے سعودیوں کے لیے ملٹی پل انٹری ویزا سکیم متعارف کرائی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں جاپانی سفارت خانے نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ نیا ویزا سیاحت، کاروبار اور رشتہ داروں یا دوستوں سے ملنے کے لیے مختصر مدت کے قیام کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
نئی سکیم کے تحت سیاحتی ویزا تین سال کی میعاد کے ساتھ 90 دن کی مدت کے لیے جاری کیا جائے گا۔
4 دسمبر سے نافذ العمل ہونے والی اس سکیم کے ذریعے درخواست دہندگان کو اپنی درخواست جمع کرانے کے لیے سفارت خانے یا قونصلیٹ جنرل میں ذاتی طور پر حاضر ہونا ہو گا۔
سفارت خانے کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ جاپان حکومت کی جانب سے ویزہ میں نرمی کے متعدد اقدامات جاپان اور مملکت کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں