Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز میں ٹریڈ، افتخار احمد ’سلطان‘

اس ٹریڈ کے تحت ملتان سلطانز کے بیٹر رائلی رُوسو اب سلطانز کی بجائے اگلے سال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے برس ہونے والے سیزن کے لیے ٹیموں کے درمیان ٹریڈ جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے لیے ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان نئی ٹریڈ دیکھنے میں آئی ہے جس میں پاکستانی آل راؤنڈر افتخار احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹر سے ملتان سلطانز منتقل ہوگئے ہیں۔
اس ٹریڈ کے تحت ملتان سلطانز کے بیٹر رائلی رُوسو اب سلطانز کی بجائے اگلے سال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔
اس بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ملتان سلطانز نے افتخار احمد کی اپنی ٹیم میں شمولیت پر لکھا کہ ’افتخار احمد سلطان بن گئے ہیں۔‘
اس ٹریڈ کے بعد ملتان سلطانز اب پی ایس ایل 9 کے ڈرافٹ میں پلاٹینم راؤںڈ کی پہلی پِک بھی کریں گے جبکہ انہیں سِلور راؤنڈ کی بھی پہلی پِک مل گئی ہے۔
 
اُدھر رائلی رُوسو دوسری مرتبہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن رہے ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے گلیڈی ایٹرز کی 2017، 2018 اور 2019 کے سیزن میں نمائندگی کی جہاں انہوں نے 31 میچوں میں 750 رنز بنائے۔
رائلی رُوسو 2019 کے ایڈیشن کے بعد ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے تھے۔
جنوبی افریقی بیٹر کی ’گھر واپسی‘ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’گلیڈی ایٹر کی واپسی۔ 2019 کی ٹیم کے چیمپیئن رائلی رُوسو ہمارے پاس واپس آگئے ہیں۔ کیا آپ کو یہ دیکھ کر مزہ نہیں آ رہا۔‘
 
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان بھی ٹریڈ دیکھنے میں آئی ہے۔
اس ٹریڈ کے تحت کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی کراچی کنگز کی ٹیم میں چلے گئے ہیں۔
واضح رہے عماد وسیم نے کچھ روز قبل تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا تھا۔
خیال رہے پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن ابھی تک کی غیر حتمی اطلاعات کے مطابق اگلے برس 8 فروری سے 24 مارچ کے دوران کھیلا جائے گا۔

شیئر: