Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کے ایک دن بعد نئی نویلی دُلہن شارک کے حملے میں ہلاک

بہاماس کے سمندر میں سنہ 1749 سے لے کر اب تک 33 شارک کے حملے رپورٹ ہو چکے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بوسٹن سے تعلق رکھنے والی ایک 44 سالہ نئی نویلی دُلہن بہاماس جزیرے میں شارک کے حملے میں ہلاک ہو گئی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق بہاماس پولیس نے خاتون کی سمندر میں شارک کے حملے سے ہلاکت کی تصدیق کر دہی ہے۔
بوسٹن کے ایک مقامی نیوز آؤٹ لیٹ کے مطابق 44 سالہ خاتون اتوار کے روز شادی کے بندھن میں بندھی تھیں اور پیر کو اپنے شوہر کے ساتھ سمندر پر گھومنے گئیں تھیں جہاں اُن پر شارک نے حملہ کردیا۔
مقامی حکام کی جانب سے خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم ان کا کہنا تھا کہ خاتون کے ہمراہ شخص شارک کے حملے میں محفوظ رہا۔
رائل بہاماس پولیس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’صبح 11 بج کر 15 منٹ پر پولیس کو اطلاع ملی کہ بوسٹن سے تعلق رکھنے والی ایک امریکی سیاح پر شارک مچھلی نے حملہ کیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون اپنے مرد رشتہ دار کے ساتھ سمندر کے تقریباً تین سے چار میل اندر تھیں جب انہیں شارک نے کاٹا۔‘
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ سمندر کنارے موجود ایک لائف گارڈ نے بروقت کارروائی کرکے ایک کشتی کے ذریعے خاتون اور مرد کو بچانے کی کوشش کی لیکن خاتون کے جسم کے دائیں طرف شدید زخم آئے اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
پولیس سارجنٹ ڈیزائری فرگیوسن کا کہنا تھا کہ ’ہم اس بدقسمت واقعے پر خاتون کے خاندان سے تعزیت کرتے ہیں۔‘
امریکی میں موجود آبی جانوروں کے ماہر گیون نیلر کا کہنا ہے کہ بہاماس کے سمندروں میں 30 سے 40 اقسام کی شارک مچھلیاں موجود ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ بہاماس میں موجود کریبین ریف شارک، بُل شارک، ٹائیگر شارک یا بلیک ٹِپ شارک اکثر ایسے حملے کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں۔
’انٹرنیشنل شارک اٹیک فائل‘ نامی ادارے کے مطابق دُنیا بھر میں 2022 میں شارک کے حملوں کے 57 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
بہاماس کے سمندر میں سنہ 1749 سے لے کر اب تک 33 شارک کے حملے رپورٹ ہو چکے ہیں۔

شیئر: