Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: عائشہ منزل پر فرنیچر کی دکانوں میں آتشزدگی، تین ہلاکتیں

عائشہ منزل پر واقع عرشی شاپنگ مال پانج منزلہ عمارت ہے۔ فوٹو: سکرین گریب
کراچی ضلع وسطی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب فرنیچر کی دکانوں میں آگ لگ گئی جو تیزی سے پھیلتی ہوئی پانچ منزلہ رہائشی عمارت کی بالائی منزلوں تک پہنچ گئی ہے۔
بدھ کی شام کو لگنے والی آگ نے قریبی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ عمارت سے تین لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ان کے مطابق عمارت میں مزید افراد کے موجود ہونے کا خدشہ ہے۔
اس سے پہلے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آگ لگنے کے نتیجے میں دو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی۔
 عائشہ منزل کی رہائشی حمیرہ علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ اچانک گھر کی کھڑکی پر نظر پڑی تو آسمان پر کالے بادل نظر آئے اور اسی دوران ایمبولینس اور فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے سائرن بجنے لگے۔
’گھر کی گیلری کا رخ کیا تو دیکھا کہ سامنے عمارت کی نچلی منزل پر ایک دکان میں آگ لگی ہوئی ہے اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
حمیرہ علی کے مطابق دیکھتے ہی دیکھتے آگ چند منٹوں میں عمارت کی نچلی منزل سے بڑھتے ہوئے پوری عمارت تک پھیل گئی، کچھ دیر بعد علاقے کی بجلی بند کر دی  گئی اور ریسکیو ادارے عمارت میں موجود افراد کو باہر نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 
عائشہ منزل پل کے قریب الیکٹرانکس کی دکان پر کام کرنے والے محمد وسیم نے بتایا کہ 4 سے ساڑھے چار بجے کے قریب عائشہ منزل پر واقع عرشی شاپنگ مال کے گراؤنڈ فلور پر ایک کپڑے اور روئی کی دکان میں آگ لگنے کا واقع پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ لگتے ہی ارد گرد موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن دکان میں موجود کپڑے کی وجہ سے آگ بہت تیزی سے عمارت میں پھیل گئی۔ 
واضح رہے کہ کراچی ضلع وسطی شاہراہ پاکستان عائشہ منزل پر واقع عرشی شاپنگ مال پانج منزلہ عمارت ہے، جہاں گراؤنڈ فلور اور میزنائن فلور پر 200 سے زائد دکانیں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ عمارت کے تین فلور پر فلیٹ موجود ہیں جہاں سینکڑوں افراد رہائش پذیر ہیں۔ یہ شاپنگ پلازہ اور عمارت ماضی کے مشہور عرشی سنیما کی عمارت کو توڑ کر بنایا گیا تھا۔  
عینی شاہدین کے مطابق عمارت کی تمام دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی ہیں جبکہ عمارت کے سامنے موجود موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بھی آگ سے متاثر ہوئی ہیں۔ 
ریسکیو 1122 کے مطابق عائشہ منزل عرشی شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقع میں ریسکیو کا کام جاری ہے اور اب تک تین افراد کو شاپنگ مال سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پانچ منزلہ عمارت میں دکانوں کے علاوہ رہائشی فلیٹس بھی موجود ہیں۔ عمارت میں موجود رہائشیوں سے بھی عمارت خالی کروائی گئی ہے اور مسلسل لاؤڈ سپیکرز پر اعلانات کیے جا رہے ہیں کہ عمارت میں اگر کوئی فرد موجود ہے تو ریسکیو اداروں کو مطلع کریں۔ 
ایس ایس پی سینٹرل فیصل عبداللہ چاچڑ نے اردو نیوز کو بتایا کہ عمارت میں آگ لگنے کی وجوہات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔ پہلے مرحلے میں کوشش کی جا رہی ہے کہ عمارت میں موجود تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی نفری موقع پر موجود ہے اور کوشش کر رہے ہیں کہ عام شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جاسکے۔ 
ترجمان واٹر کارپوریشن عبدالقادر شیخ نے بتایا کہ عائشہ منزل عرشی شاپنگ مال میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی واٹر کارپوریشن نے نیپا اور سخی حسن ہائڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر برگیڈ حکام سے مکمل رابطے میں ہیں۔ 
نگراں صوبائی وزیر اطلاعات احمد شاہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ریسکیو 1122 سمیت دیگر ادارے اس وقت عائشہ منزل پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو واضح ہدایت دی ہیں کہ جلد سے جلد عمارت میں موجود افراد کو بحفاظت ریسکیو کرتے ہوئے آگ پر کنڑول کیا جائے۔  
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 25 نومبر کو کراچی ضلع شرقی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر آر جے شاپنگ مال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس ناخوشگوار واقعہ میں 10 سے زائد قیمتی جانوں کا نقصان ہوا تھا اور متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

شیئر: