Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: شاپنگ مال میں آتشزدگی سے 11 افراد ہلاک، آگ پر قابو پا لیا گیا

42 افراد کو عمارت سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم سے کم 11 افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ شرقی نے اردو نیوز کو بتایا کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب راشد منہاس روڈ پر واقع کثیر المنزلہ عمارت آر جے مال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔
کراچی فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے مطابق شاپنگ مال میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ 
حکام کا کہنا ہے کہ ’واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو کے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچے اور آپریشن کا آغاز کیا۔‘
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 50 افراد کو عمارت سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
جناح ہسپتال میں شعبہ حادثات کی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشین رؤف نے کہا کہ ’تین افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔‘
کراچی محکمہ فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے مطابق آگ عمارت کی چھٹی منزل تک پہنچ گئی تھی۔
’آپریشن میں فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں، دو سنارکل اور دو باوزر نے حصہ لیا۔‘ حکام نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔ 

پولیس حکام کے مطابق ریسکیو کرنے کے بعد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ (فوٹو: سکرین گریب)

کراچی واٹر اینڈ کارپوریشن کے ترجمان عبدالقادر شیخ نے بتایا کہ راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی واٹر کارپوریشن نے نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی۔ ’انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ عملے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ آگ پر مکمل قابو پانے تک محکمہ فائر بریگیڈ کو پانی کی فراہمی جاری رہے گی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ہائیڈرنٹس پر موجود پانی سے بھرے ٹینکرز بھی جائے حادثے پر پہنچا دیے گئے۔
نگراں وزیراعلٰی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے راشد منہاس روڈ پر لگنے والی آگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ آگ سے متاثر ہونے والے زیرعلاج افراد کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

شیئر: